22 ستمبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریۂ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ مغرب والے اسلامی معاشروں میں جمہوری نظاموں کو قبول کرنے کے بجائے تحقیر اور تسلط پسندی کا رجحان رکھتے ہیں۔

ابنا: علی لاریحانی نے آج تہران میں پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مغرب اس وقت علاقے میں انقلابوں کو رونما ہوتے دیکھ رہا ہے کہا کہ امریکہ میں اسلام مخالف توہین آمیز فلم کی تیاری اور فرانسیسی جریدے میں توہین آمیز کارٹونوں کی اشاعت مغرب کی ایک اور غلطی کا نمونہ ہے۔انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مغرب مستقبل میں مسلمانوں کی شدید نفرت کو محسوس کرے گا کہا کہ مجلس شورائے اسلامی امریکہ اور بعض مغربی ممالک کو ایک بار پھر متنبہ کرتی ہے کہ وہ اپنے احمقانہ رویوں کی اصلاح کرلیں اور مظاہروں میں لوگوں کو قتل کرکے دشمنی میں اضافہ نہ کریں ورنہ وہ اس غم و غصہ کی آگ میں جل جائیں گے۔علی لاریجانی نے کہا کہ رسول اسلام (ص) کی شان اتنی بلند ہے کہ اس طرح کے توہین آمیز اقدامات سے اس میں کمی واقع نہیں ہوسکتی بلکہ یہ مغربی ثقافت اور سیاست داں ہیں جنہوں نے اپنی ذلت و پستی دکھائی ہے اور آزادی اظہار کی آڑ میں آزادی اور سوچ کی سب سے بڑی توہین کی ہے۔  

.......

/169