ابنا: کراچی میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے گزشتہ روز اسلام مخالف گستاخانہ فلم کیخلاف امریکی قونصلیٹ کے گھیراؤ کے لئے نکالی گئی ریلی پر پولیس و رینجرز کی فائرنگ سے سر میں گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہونے والے نوجوان سید علی رضا نقوی ایک نجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہید ناموس رسالت سید علی رضا نقوی ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ سید صادق رضا تقوی کے بڑے بھائی تھے۔ گزشتہ روز ریلی کے شرکاء کی طرف سے کراچی میں امریکی قونصلیٹ کا گھیراو جاری تھا اور شہید ناموس رسالت سید علی رضا نقوی بھی ہزاروں جانثاران ناموس رسالت پرامن مظاہرین کے ہمراہ امریکی قونصلیٹ کی طرف بڑھ رہے تھے، جب آپ دیگر سینکڑوں مظاہرین کے ساتھ قونصلیٹ کے گیٹ نمبر دو پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تو اس موقع پر پولیس کی طرف سے مظاہرین پر شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میںایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنماء شہید ناموس رسالت سید علی رضا تقوی سر میں گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں ایمبولینس کے ذریعے مقامی نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کی جان بچانے کے لئے کوششیں جاری تھیں، مگر وہ پیر کے دن شہید ہو گئے۔ اطلاع کے مطابق شہید ناموس رسالت سید علی رضا نقوی کی میت کو مسجد و امام بارگاہ خیر العمل انچولی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں غسل و کفن کے بعد 4 بجے شام میں انکی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں قبرستان وادی حسین میں سپر خاک کیا گیا۔
...........
/110