15 ستمبر 2012 - 19:30

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ایک بار پھر امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کی سرزمین پر ڈرون حملوں کو بند کرے –

ابنا: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے آج امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان مارک گراسمین سے بات چیت کرتے ہوئے  کہا کہ  عسکریت پسندی کے خلاف  ڈرون حملے کامیاب ثابت نہیں ہو رہے لہذا ان حملوں کو فوری طور پر بند کیا جائے اور ان حملوں کی  متبادل تجاویز پر پاکستان سے بات چیت کی جائے۔اس ملاقات میں آصف علی زرداری نے امریکہ  میں اسلام  مخالف بننے  والی فلم  کا معاملہ بھی  مارک گراسمین کے ساتھ اٹھایا اور کہا کہ پاکستان اس فلم کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  کسی بھی مذہب اور فرقے کے جذبات  کو مجروح نہ کیا جائے ۔امریکہ کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین نے آج پاکستان کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ خطے  میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ  شراکت داری ضروری ہے۔پاکستان کے دورے کے موقع پر امریکہ کے خصوصی نمائندے نے  ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا  کرکے امریکہ کے حوالے کرنے کا بھی  مطالبہ کیا جسے پاکستان نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی غداری کا ارتکاب کیا ہے -....../169