ابنا: علامہ امین شہیدی نے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کو ملنے والی بیرونی امداد پر حکومت کی طرف سے ایکشن نہ لیے جانے پر چیف جسٹس آف پاکستان سوموٹو ایکشن لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں امن و امان کیس کی سماعت کے دوران دیئے گئے چیف جسٹس آف پاکستان کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے کیا، جس میں چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کی فعالیت میں اہم کردار فنڈنگ کا ہے، اگر اسے روک دیا جائے تو سب رک جائے گا۔
علامہ امین شہیدی نے کہا کہ دیگر حکومتی نااہلیاں جن میں کرپشن، اہم انتظامی عہدوں پر ایگزیکٹو کی طرف سے نااہل افراد کی تعیناتی سمیت جہاں پر عدالت عالیہ کو کوتاہیاں نظر آئیں، وہاں پر سوموٹو ایکشن لیا گیا۔ لیکن آئے روز کالعدم تنظیموں کی کارروائیاں ملک میں بڑھتی جا رہی ہیں، اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا، یہی وجہ ہے کہ معاشرے کا امن تباہ ہو کر رہ گیا ہے اور ان کارروائیوں کا نشانہ ملکی سکیورٹی اداروں سمیت ہر مکتب فکر کے لوگ بنے ہیں۔ وطن عزیز میں نہ شاہرائیں محفوظ ہیں نہ ہی مساجد اور امام بارگاہیں، نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ قومی شناختی کارڈ دیکھ کر لوگ کو لقمہ اجل بنا دیا جاتا ہے۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آئین و قانون شکن شرپسند عناصر کے خلاف عدالت کی طرف سے ازخود نوٹس نہ لیا جانا افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام حصوں میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہے، دہشتگرد جہاں اور جب چاہتے ہیں نہتے اور پرامن شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا کے فرار ہو جاتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نہ ان کی ان کاروائیوں کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر فورم پر یہ معاملہ اٹھا چکی ہے کہ کالعدم تنظیموں کو ملنے والی بیرونی امداد کو روکنے کے لئے اقدامات کیے جائیں اور جو عناصر تخریب کاری کی پشت پناہی میں ملوث ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس ملک دشمن اقدام کیخلاف عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان وزارت داخلہ کے ذمہ داروں سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں کو نہ صرف بے نقاب کریں بلکہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کے تدارک کے عمل کی خود نگرانی کریں، تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے۔
.......
/169