9 جولائی 2012 - 19:30

پاکستان میں مذہبی جماعتوں کے اتحاد دفاعِ پاکستان کونسل نے حکومت کی جانب سے نیٹو سپلائی بحال کرنے کےخلاف لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کی تکمیل کے بعد اب نیٹو سپلائی کے راستوں پر لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

ابنا: دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ پیر کو رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچا جہاں پارلیمان کے قریب دھرنے کے بعد اتحاد کے رہنماؤں نے اس کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں مارچ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے دفاعِ پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے اعلان کیا کہ اب نیٹو کو جن راستوں سے رسد بھیجی جاتی ہے وہاں لانگ مارچ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دفاعِ پاکستان کونسل اب تیرہ اور چودہ جولائی کو کوئٹہ سے چمن اور سولہ اور سترہ جولائی کو پشاور سے طورخم تک لانگ مارچ کرے گی۔

اس لانگ مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی اور موٹر سائیکلوں، مسافر بسوں اور ٹرکوں پر سوار بڑی تعداد میں لوگ اسلام آباد پہنچے۔

اس موقع پر حفاظتی اقدامات کے لیے پولیس کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی لانگ مارچ کرنے والوں کے ساتھ موجود رہی۔

اتوار کو لاہور سے دفاع پاکستان کونسل نے حکومت کی جانب سے نیٹو سپلائی بحال کرنے کے خلاف لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا اور شیڈول کے مطابق پیر کی رات کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے ایک جلسہ ہو گا۔

وزیراعظم کے مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ حکومت نے دفاع پاکستان کونسل کو اسلام آباد میں اجتماع کرنے کی اجازت دے رکھی ہے اور انھیں یہ حق ہے کہ وہ اسلام آباد میں اپنا احتجاج ریکارڈ درج کرائیں۔.......

/169