ابنا: علی اکبر صالحی نے تہران میں منعقد ہونے والے چھٹے " امام خمینی(رح) اور خارجہ پالیسی" سیمینار کے نام اپنے پیغام میں شمالی افریقہ اور مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئي اسلامی بیداری کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ لکھا ہے کہ اسلامی بیداری کو روکا نہیں جاسکتا ہے اوریہ بیداری عرب دنیا کے بنیادی مطالبات میں سے ایک ہے۔
علی اکبر صالحی نے اپنے اس پیغام میں اسلامی اعتقادات اور انقلاب اسلامی ایران کو اسلامی بیداری کا سرچشمہ قرار دیتے ہوۓ اس بات پر زور دیا ہےکہ خطے کی اقوام بیدار ہو چکی ہیں اور وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے لۓ اٹھ کھڑی ہوئي ہیں۔
علی اکبر صالحی نے اس پیغام میں سامراج کے مقابلے میں انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کا ایک سبب عصر حاضر کے حالات میں دین کے مثبت اور تعمیری کردار پر ایمان کو قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ خدا تعالی پر ایمان اور اس راستے پر گامزن ہونا بیداری اور اتحاد کا باعث بنتا ہے جس کا نتیجہ ترقی و پیشرفت اور عدل و انصاف کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ آج تہران میں منعقد ہونے والے اس سیمینار میں ایران میں تعینات غیر ملکی سفیروں ، دانشمندوں ، قانون دانوں اور حکومتی عہدیداروں اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔....... /169