21 مئی 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سعید جلیلی بغداد میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لۓ عراق پہنچ گۓ ہیں۔

ابنا:  العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری اور ایران کے اعلی مذاکرات کار سعید جلیلی گزشتہ شب عراق کے دارالحکومت بغداد پہنچے جہاں کل تیئيس مئی کو ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل ڈپٹی سیکرٹری علی باقری اور نائـب وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی سعید جلیلی کے ساتھ بغداد گۓ ہیں۔ سعید جلیلی بغداد مذاکرات کے موقع پر عراق کے صدر جلال طالبانی ، وزیر اعظم نوری مالکی اور عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر اسامہ النجیفی سے بھی ملاقاتیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیالات کریں گے۔

اس سے قبل کل تہران میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ یوکیا آمانو نے اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکرٹری سعید جلیلی کے ساتھ ملاقات کی ۔سعید جلیلی نے اس ملاقات میں دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے فتوے کی اہمیت کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے ، عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی نابودی اور ایٹمی ٹیکنالوجی کو پرامن مقاصد کے لۓ استعمال کرنے کے سلسلے میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گا۔

واضح رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے ایٹم بم کی تیاری کو حرام قراردیا ہے۔ یوکیا آمانو نے بھی اس ملاقات میں ایران کے درخشان تمدن اور مختلف علمی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں ایران کی لائق ستائش ترقی و پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون پر مبنی ایران کے رویۓ کا خیر مقدم کرتے ہوۓ اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے مقاصدکے حصول کے لۓ اسلامی جمہوریہ ایران کی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاۓ گا۔
....... 
/169