اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی – ابنا – کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شورائے کتاب کے سیکریٹری حجت الاسلام عباس جعفری نے کتاب "الامام الصادق (ع) و المذاہب الاربعہ" کے روانڈا ـ رونڈی زبان (Rwanda-Rundilanguage) میں ترجمے و اشاعت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "امام جعفر صادق (ع) کی شخصیت اور مذہب جعفریہ (جو دراصل خالص محمدی (ص) اسلام ہی ہے) کی بنیاد رکھنے میں ان کے کردار پر اب تک بہت سی کتابیں اور تحقیقات حیطہ تحریر و تالیف میں لائی جاچکی ہیں جو کتب خانوں اور عوام کی دسترس میں ہیں۔ "الامام الصادق (ع) و المذاہب الاربعہ" کا شمار اس بارے میں لکھی جانے والی اہم ترین کتب میں ہوتا ہے جو عراقی شیعہ عالم اور محنتی استاد و محقق مرحوم علامہ شیخ اسد حیدر (رہ) کی انتھک محنت اور عرق ریزیوں کا نتیجہ ہے اور اب تک کئی بار آٹھ جلدوں کی صورت میں چھپ کر منظر عام پر آچکی ہے۔"انہوں نے کہا: "اس بیش قیمت کتاب کے اہم موضوعات میں اہل بیت (ع) کی دشمنی کو رواج دینے کی غرض سے امویوں کی سازشیں؛ امام صادق (ع) کی شخصیت اور ان کے بارے میں مختلف فرقوں اور اسلامی مذاہب سے تعلق رکھنے والے علماء کی آراء؛ امام صادق (ع) کی قائم کردہ یونیورسٹی اور یونیورسٹی کے شیعی اور غیر شیعی شاگرد اور راویان حدیث؛ چارگانہ مذاہب کی پیدائش اور پھیلاؤ کے اسباب؛ اسلامی فرقوں کے درمیان تفرقہ پیدا ہونے کی وجوہایت اور عوامل؛ امامت کے بارے میں شیعوں کا خاص عقیدہ؛ امام صادق (ع) کی زندگی کے مختلف پہلو اور موجودہ مشکلات؛ امام صادق (ع) اور اموی و عباسی انحرافات کے مقابلہ میں ان کی حکمت عملی؛ مالک بن انس کی شخصیت اور آراء کا جائزہ اور ان پر تنقید؛ مالک بن انس کے عباسی حکومت سے روابط و تعلقات کا جائزہ؛ تدوین حدیث کا سلسلہ اور اہل بیت (ع) کے حدیثی علوم کی تدوین میں شیعوں کا کردار؛ شیعہ کی غیر اسلامی اصلیت کے بارے میں مستشرقین کی آراء کا ابطال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کتاب میں دیگر اسلامی فرقوں جیسے خوارج، معتزلہ، مرجئہ، جبریہ اور غلات کے عقائد کا جائزہ اور ان کے مقابلہ میں امام صادق (ع) کے نقطہ ہائے نظر کا بیان؛امام شافعی کی زندگی اور نظریات و آراء کا جائزہ؛ اسلامی فرقوں کے مابین فتوا میں اختلاف کا مسئلہ اور صرف شیعوں پر اس کے منحصر نہ ہونے کا بیان؛شیعہ فرقہ میں ذٰیلی خیالی اور جھوٹے فرقوں کی پیدائش میں مستشرقین کا کردار؛ اہل سنت کے چارگانہ اماموں نیز امام صادق (ع) کے زمانے میں فکری بہاؤ کا جائزہ وغیرہ جیسے موضوعات کو شامل کیا گیا ہے۔حجت الاسلام جعفری نے آگاہ کرتےہوئے کہا: " یہ کتاب، جو آٹھ جلدوں پر مشتمل ہے، (مختصر سی تحقیق کے ساتھ) سن 1425 ہجری قمری میں بیک وقت ایران اور لبنان سے شائع ہوئی۔ اور اب شعبہ ترجمہ کی سفارش پر اس کا رواندائی ترجمہ پیش کیا جارہا ہے جو دو جلدوں اور تین ہزار کاپیوں پر مشتمل ہے اور جس کے مترجم جناب شیکال ہارون ہیں۔ شائقین اس کتاب کے برقی متن اور ادارے کے دیگر منشورات کے حصول کے لئے www.ahlulbaytportal.com سے رجوع کرسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
/110