ابنا: امام جمعہ کوئٹہ کا خطبہ میں کہنا تھا کہ دشمنان اسلام برادران اہل سنت میں اہل تشیع کے خلاف زہریلا اور غلط پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں، اسی طرح اہل تشیع میں اہل سنت کے خلاف نفرتیں پیدا کی جا رہی ہیں۔
انھوں نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم و دانش سے بے بہرہ معاشرہ تقوائے الہی سے بھی بے بہرہ ہوتا ہے، لہٰذا علم کا حصول انسان کو تقویٰ الٰہی کے قریب لے جاتا ہے۔
خطبہ دوئم میں علامہ سید ہاشم موسوی نے دشمنان دین امریکہ و اسرائیل کی سازشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونیت اور دشمنان اسلام ملک میں خانہ جنگی کی سازشیں کر رہے ہیں، علمائے کرام اور بے گناہ نہتے شیعہ مسلمانوں کا قتل بھی اسی سازش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بردران اہل سنت میں اہل تشیع کے خلاف زہریلا اور غلط پروپیگنڈہ پھیلایا جارہا ہے، جبکہ اسی طرح اہل تشیع میں اہل سنت کے خلاف نفرتیں پیدا کی جا رہی ہیں، لہٰذا ایسے حا لات میں تمام علمائے کرام اور سیاسی شخصیات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دشمنان اسلام کی سازشوں کو ناکام بنائیں، فروعی اختلافات بھلاکر اسلام اور مسلمانوں کی بڑے مصلحتوں پر اپنی توجہ مرکوز کریں اور شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی کریں۔علامہ سید ہاشم موسوی نے اہل سنت کے علماء کرام اور نہتے بے گناہ اہل تشیع کے قتل کی بھی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے فتویٰ کے مطابق ازواج رسول (ص) اور صحابہ کرام کی شان میں تو ہین حرام ہے، اور شیخ جامعتہ الازہر مصر احمد الطیب کے فتویٰ کے مطابق شیعہ مسلمانوں کو نقصان پہنچانا اور ان کے عقائد کی بے حرمتی کرنا بھی حرام ہے، لہٰذا تمام مسلمانوں کو آیت اللہ خامنہ ای اور شیخ احمد الطیب کے فرامین پر عمل کرتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کی روز افزوں ترقی کے لئے کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/110