ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل محمد مہدی، سیکریٹری سیاسیات سید اصغر زیدی اور کراچی ڈویژن کے ترجمان آصف صفوی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین شیعہ افراد کی شہادت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ وحدت ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شیعہ مسلمانوں کے قاتل شہر کراچی میں آزاد دندناتے پھر رہے ہیں، نہ تو ان کے خلاف عدلیہ ازخود نوٹس لیتی ہے اور نہ ہی یہ دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آتے ہیں۔ اس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ ان اداروں کو عدل و انصاف اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ سے کوئی غرض نہیں یا یہ ادارے جانتے بوجھتے دہشتگردوں کی ان کارروائیوں کو اس لیے نظرانداز کرتے ہیں کے ان کے درمیان کوئی خفیہ تعلق قائم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیاآباد میں ناصر علی، کریم آباد میں احسن عباس نقوی اور ضیاء مہدی کی شہادتیں اس بات کا بین ثبوت ہے کہ کراچی میں ملت جعفریہ کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کو ریاستی سرپرستی حاصل ہے۔ ورنہ اس دیدہ دلیری سے کسی کو دہشتگردی کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ اس قابل مذمت خفیہ تعلق کا خاتمہ عمل میں آئے اور ملکی ریاستی و حکومتی ادارے شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف فوری طور پر آپریشن شروع کریں جو دہشتگردوں اور دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ شیعہ مسلمانوں کے شہداء کے جلوس جنازہ میں شرکت کے دوران جنازوں کا تقدس ملحوظ خاطر رکھا کریں۔
.......
/169