20 اپریل 2012 - 19:30

فلسطینی عوام کی حمایت میں اور مختلف بین الاقوامی میدانوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سرگرم سفارتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس میں ایران کو کامیابیاں بھی حاصل ہو رہی ہیں۔

ابنا:اسی سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم نے گیبن اجلاس میں ماہ رمضان کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منظور کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی تجویز کی منظوری سے اب ہر جمعۃ الوداع کو تمام اسلامی ملکوں میں باضابطہ طور پر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اور صہیونی ریاست کے جرائم کی مذمت میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جائيں گے۔

اس فیصلے کے مطابق اسلامی ملکوں کے پورے میڈیا کو جن میں ریڈیو ٹی وی چینل اور نیوز ایجنسیاں شامل ہیں، اس دن خصوصی پروگرام ترتیب دینا ہوں گے۔

گیبن کے دارالحکومت لیبرول میں اسلامی ملکوں کے وزرائے اطلاعات کے نویں اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دسواں اجلاس اسلامی جمہوریہ ایران میں منعقد ہو گا جس کا اجلاس کے شرکا نے خیرمقدم کیا۔

عالم اسلام کے ستاون ملکوں کے وزرائے اطلاعات کا اجلاس جمعرات کے روز لیبرول شہر میں شروع ہوا اور ایک قرارداد کی منظوری کے ساتھ جمعہ کے روز ختم ہو گيا۔

اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے عالمی یوم القدس کے بارے میں ایران کی تجویز کو قبول کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں بین الاقوامی میدان میں ایران کی مؤثر کوششیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں۔

بلاشبہ فلسطینی عوام اور قدس کے مسئلے پر عالمی توجہ کی نئی لہر ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی سے شروع ہوئی۔ درحقیقت اسلامی انقلاب کی کامیابی سے بین الاقوامی تعلقات کے میدان میں نئے سیاسی کلچر کا اضافہ ہوا جس کی بنیاد قبضے کی نفی اور سامراج کے مقابل دنیا کے مظلومین کی حمایت پر استوار تھی اور یہ اسلام کی اعلی تعلیمات کا نتیجہ تھا۔

امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد دنیا کے مظلوموں کی حمایت خصوصا فلسطینی عوام کی حمایت ہمیشہ ایران کے ایجنڈے میں شامل رہی ہے۔ اسلامی انقلاب کے ابتدائی مہینوں میں ہی اگست انیس سو اناسی کو امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے جمعۃ الوداع کو یوم القدس کا نام دیا اور اسی بنا پر گزشتہ تین عشروں سے زائد کے عرصے میں عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔

امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے اس اقدام نے فلسطینی عوام کی حمایت کے سلسلے میں عالمی برادری میں ایک نئی روح پھونک دی اور اب ہم دیکھتے ہیں کہ نہ صرف اسلامی ملکوں میں بلکہ دنیا کے مختلف علاقوں، یورپی ملکوں کے شہروں اور حتی امریکہ کے مختلف شہروں میں یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام کی حمایت میں جلوس نکالے جاتے ہیں۔ جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ مغربی ملکوں کی رائے عامہ میں بھی یورپی ممالک کی جانب سے صہیونی ریاست کی اندھی حمایت پر غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں پوری دنیا سے قافلے قدس کی جانب جا رہے ہیں جس کی وجہ سے صہیونی ریاست سخت خوف و وحشت کا شکار ہے اور یہ سب امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی بصیرت کا نتیجہ ہے کہ جنہوں نے جمعۃ الوداع کو یوم القدس قرار دے کر پوری دنیا میں فلسطینی عوام کی حمایت کا راستہ ہموار کر دیا۔
.......

/169