14 اپریل 2012 - 19:30

ایرانی عدلیہ کے نائب سربراہ سید ابراہیم رئیسی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مغرب دنیا میں انسانی حقوق کی اصل خلاف ورزی کرنے والا ہے۔

ابنا: ایرانی عدلیہ کے نائب سربراہ نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کے دوسرے روز مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی کے سلسلے میں مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کا اصلی ترین شکار مسلمان ہیں۔ انہوں نے اس کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج افغانستان کے دیہاتوں میں بےگناہ عورتیں اور بچے مارے جا رہے ہیں لیکن ان کے اصل ذمہ دار انصاف کے کٹہرے سے دور ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے زیراہتمام تین روزہ انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں 8 الگ الگ سیشنز منعقد ہوئے جس میں نظام عدل میں بہتری کے حوالے سے سفارشات تیار کی گئیں۔

کانفرنس کے دوسرے روز "نظام عدل و انصاف کی اصلاح" سے متعلق مختلف موضوعات پر غور کے لئے آٹھ ورکنگ گروپس بنائے گئے تھے۔

 ان تمام گروپوں کی سربراہی سپریم کورٹ کے جج صاحبان نے کی جبکہ ان میں بیرون ملک سے آئے ہوئے ججز اور دیگر ماہرین نے بھی شرکت کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمد چوہدری نے تمام ورکنگ گروپس میں کچھ مدت کیلئے شرکت کی اور بحث میں حصہ لیا۔

کانفرنس میں 19ممالک کے ججز قانونی ماہرین اور دانشوروں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں اسلامی جمہوریہ ایران، ترکی، امریکا، برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ہندوستان اور افغانستان سمیت 19ممالک سے ججز اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔.......

/169