14 اپریل 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سعیدجلیلی نے کہا ہے کہ استنبول مذاکرات مثبت اور پانچ جمع ایک گروپ کے لئے دلسچپی اور توجہ کا باعث تھے۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے سینئر مذاکرات کار نے استنبول میں پانج جمع ایک گروپ کے ساتھ مذاکرات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات آگے کی طرف ایک قدم تھے اور یہ طے پایا ہے کہ بہت سے مسائل کو آئندہ مذاکرات میں زیر غور لایا جائے گا۔

 سعید جلیلی نے ایٹمی امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بےپناہ توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی ترک اسلحہ اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی بنیادوں پر باہمی تعاون کا موقع فراہم ہوسکتا ہے۔

سعید جلیلی نے ایٹمی ہتھیاروں کےحرام ہونے کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمي خامنہ ای کے فتوے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ پانچ جمع ایک گروپ نے اس مسئلے کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سعید جلیلی نے کہا کہ ایران ایٹمی ٹکنالوجی کے پرامن استعمال کے شعبے میں توانائيوں کا حامل ہے اور اس نے یہ ٹکنالوجی اپنے ماہرین کی محنت سے حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت ایٹمی انرجی سب کے لئے اور ایٹمی ہتھیار کسی کے لئے نہیں کا عملی نمونہ بن چکا ہے۔

ادھر سعید جلیلی کے معاون علی باقری نے کہا ہے کہ مغرب کو ایران پرعائد کردہ پابندیوں سے دستبردار ہونا ہوگا تا کہ استنبول مذاکرات کامیاب ہو سکیں۔

دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے استنبول مذاکرات کو ایران کے ایٹمی معاملے کی راہ حل تلاش کرنے کے سلسلے میں ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔ ولیم ہیگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ استنبول میں اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات ایران کے ایٹمی معاملے کو حل کرنے کے لئے بامقصد مذاکرات شروع کرنے کے سلسلے میں اہم قدم تھے۔
..... 
/169