14 دسمبر 2011 - 20:30

پشاور…مطالبات کی عدم منظوری کے خلاف نرسوں نے پشاور کے تینوں تدریسی اسپتالوں میں آج سے مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ابنا: تفصیلات کے مطابق اب پشاور کی نرسیں پنجاب کی نرسوں کی طرح دل برداشتہ ہو کر اپنے مطالبات منوانے کے لیے سراپا احتجاج بن گئی ہیں۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال، خیبر ٹیچنگ اسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں نرسوں نے آج سے مکمل ہڑتال شروع کر دی ہے۔

مطالبات کی عدم منظوری کے باعث نرسیں ذہنی کوفت اور مالی مسائل سے دوچار ہیں۔ نرسوں کے مطالبات میں تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ، زیر تربیت نرسوں کا ماہانہ وظیفہ بڑھانا، ڈاکٹروں کی طرح نرسوں کو بھی ہیلتھ پروفیشنل الاونس دینا اور الگ نرسنگ ڈائریکٹریٹ کا قیام شامل ہیں۔

نرسوں کے مسائل کے سلسلے میں جیو نیوز کی ٹیم جب خیبر ٹیچنگ اسپتال پہنچی تو انہیں نرسوں کے ہنگامی اجلاس کی کوریج سے انتظامیہ نے روک دیا گیا، جس کی وجہ سے نرسوں کو ہاسٹل کے مین گیٹ پر آنا پڑا، تاہم گیٹ پر کوریج شروع کرنے کی تھوڑی ہی دیر بعد جیو نیوز کی ٹیم کو اجلاس کی کوریج کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ نرسیں جمعرات سے مکمل ہڑتال کریں گی ۔

نرسنگ ایسوسی ایشن پشاور نے مطالبات کی عدم منظوری کے خلاف 17 دسمبر کو خیبر پختون خوا اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے اور بعد میں پارلیمنٹ ہاوٴس تک لانگ مارچ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔  ...............

/169