6 دسمبر 2011 - 20:30

یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں سربراہ سنی تحریک نے کہا کہ اگر آج کے حکمران حسینیت کا بول بالا کرنا چاہتے ہیں تو ان پر فرض ہے کہ وہ باطل قوتوں کے اعلیٰ کار نہ بنیں اور مظلوم و محکوم عوام کی آزادی و خود مختاری کو ہر گز داؤ پر نہ لگائیں۔

ابنا: سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ باطل قوتوں سے نبرد آزما ہونا ہی حسینی مشن کا شعار ہے ۔حسینیت کے فلسفے پر چلتے ہوئے ہمیں اپنے کرداروں میں حق اور سچ کی جدوجہد کو برؤئے کار لا کر سید الشہداء امام حسین (ع) کے پیغام کو محکوم عوام کی آزادی حاصل کرنے کا ذریعہ بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج کے معاشی استحصال اور عوام کی جمہوری اور سیاسی آزادی چھیننے کی جو کوششیں عالمی طور پر باطل قوتیں کر رہی ہیں افسوس کہ مسلم ممالک کے حکمران باطل اور یزیدی قوتوں کا ساتھ دیکر حسینیت کے عوام دوست پیغام کو رسوا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا کے حکمرانوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ امام حسین(ع) کے پیغام اور حق گوئی کو عوام کے مسائل حل کرنے کی ایک کوشش سمجھ کر اپنائیں کیونکہ امام حسین(ع) نے عوام کا استحصال کرنے والی یزیدی قوتوں کا مقابلہ اس وجہ سے کیا تھا کہ یزیدی قوتیں عوام کو ان کے حقوق اور جمہوری آزادی نہیں دینا چاہتی تھیں۔

 لہذا اگر آج کے حکمران حسینیت کا بول بالا کرنا چاہتے ہیں تو ان پر فرض ہے کہ وہ باطل قوتوں کے اعلیٰ کار نہ بنیں اور مظلوم و محکوم عوام کی آزادی و خود مختاری کو ہر گز داؤ پر نہ لگائیں کیونکہ یزید بھی عوام کی آزادی چھیننا چاہتا تھا جسے نہ مان کر امام حسین(ع) نے شہادت کو قبول کیا مگر یزید کی بیعت بیعت نہیں کی۔ شہادت کربلا کا فلسفہ ہمیں بتاتا ہے کہ عوام کی سماجی و معاشی خوشحالی ہی حسینی مشن کی تکمیل ہے۔

......

/169