اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ نے العالم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ انتہاپسند صہیونیوں نے مامن اللہ میں صحابہ کرام کی بعض قبروں کی توہین کرتے ہوئے انہیں منہدم کردیا ہے جبکہ صہیونی کابینہ نے مسلمانوں کے قبرستان میں ایک عجائب گھر تعمیر کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے۔واضح رہے کہ یہ قبرستان فلسطین کی سب سے پرانے قبرستانوں میں سے ایک ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بعض صحابہ بھی مدفون ہیں۔صہیونیوں نے مذکورہ قبرستان کو اس قدر منہدم کررکھا ہے کہ اس میں مدفون مسلمانوں کے ورثاء فاتحہ کے لئے آتے ہیں تو وہ اپنے مرحومین کی قبروں کی شناخت سے عاجز نظر آتے ہیں۔مامن اللہ قبرستان کے متولی مصطفی ابو زہرہ نے اس عالمی، اسلامی اور عربی ورثے میں صہیونی تجاوزات اور جرائم کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پوری دنیا میں رہنے والے انسانوں اور یونسکو سمیت دیگر متعلقہ اداروں اور حقوق انسانی کونسل کو اس مسئلے کی طرف توجہ دینی چاہئے اور ان مقدسات کی بے حرمتی کے سلسلے میں صہیونیوں کے جرائم کی مذمت کرنی چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110