20 اکتوبر 2011 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے نشریاتی ادارے آئي آر آئي بی کے سربراہ عزت اللہ ضرغامی نے کہا ہے کہ علاقائي اور عالمی سطح پر اسلامی انقلاب کے اثرات کی بناپر امریکہ نے ایران کے خلاف نئے الزامات لگائے ہیں۔

ابنا: عزت اللہ ضرغامی نے ایران کے شمال میں واقع شہر بابل میں شہدا کی یاد میں منعقد کی گئي تقریب سے خطاب میں کہا کہ علاقے اور عالمی سطح پر اسلامی بیداری کو وجود میں لانے میں اسلامی انقلاب کے ناقابل انکار اثرات، ایران کے خلاف امریکہ کے نامعقول الزامات کا بنیادی سبب ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ دہشتگردی کا نشانہ رہا ہے اور دنیا کے آزاد ضمیر اور آگاہ انسان بخوبی جانتے ہیں کہ جہاں کہیں بھی دہشتگردی کا نام و نشان ہے وہاں پس پردہ یا اعلانیہ طور پر امریکہ کا ہاتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ آئي آر آئی بی کے سربراہ نے ملکوں کےخلاف ہزاروں سٹیلائٹ چینلوں سے کئے جارہے پروپگينڈے کو نرم جنگ کےتحت دہشتگردانہ اقدامات سے تعبیر کیا اور کہا کہ سامراج بالخصوص امریکہ نے عراق و افغانستان پرحملے کرکے اور ان ملکوں میں غیر قانونی طریقے سے اپنی فوجی موجودگي سے علاقے میں بدامنی پھیلادی ہے۔ عزت اللہ ضرغامی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے اور عالمی سطح پر ایک طاقتور ملک ہے ۔ انہوں نے مغربی صوبے کرمانشاہ کے عوام کی جانب سے رہبرانقلاب اسلامی کے لئے اظہار محبت و عشق کو سامراج کی ہرزہ سرائي کا عملا دندان شکن جواب قراردیا۔ قابل ذکرہے امریکہ نے حال ہی میں ایران پر الزام لگایا ہےکہ ایران واشنگٹن میں سعودی سفیر کے قتل کے منصوبے میں ملوث ہے ۔ اس الزام کونہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران نے سختی سے مسترد کیا ہے بلکہ خود مختار ملکوں نے بھی اسے غیر ذمہ دارانہ قراردے کر مسترد کردیا ہے۔...........

/169