29 ستمبر 2011 - 20:30

پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس میں شامل تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ قرار داد پر اتفاق کرتے ہوئے امریکی دھمکیوں اور الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

ابنا: پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس میں شامل پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ قرار داد پر اتفاق کرتے ہوئے امریکی دھمکیوں اور الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ پاکستان کی وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے رات گئے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان برابری کی سطح پر تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے قومی مفاد کے تحت متفقہ قرارداد منظور کی ۔انھوں نے کہا کہ آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل شجاع پاشا نے تمام شرکاء کے ہر سوال کا جواب دیا،انھوں نے کہا کہ آئی ایس آئی چیف نے شرکاء کو بتایا کہ آئی ایس آئی کا حقانی نیٹ ورک سے کوئی تعلق نہیں، انھوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے امریکی الزامات کو مسترد کردیاہے۔انھوں نے کہا کہ اجلاس کے شرکاء کو وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے صورتحال پر مکمل بریفنگ دی اور اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی اپنی جماعتوں کا موقف پیش کیا اور تجاویز دیں۔قرار داد کے تمام نکات اتفاق رائے سے طے کیے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ قرار داد بابر اعوان، اسفندیارولی، عمران خان اور چوہدری نثار علی خان نے ملکر تیار کی۔ ذرائع کے مطابق امریکہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے اور پاکستان کے جوہری اثاثوں کو ختم کرنے کے لئے القاعدہ، طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے کارڈ استعمال کررہا ہے جبکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ مذکورہ تینوں دہشت گرد تنظیموں کی داغ بیل خود امریکہ نے ڈالی اور امیرکہ آج بھی ان دہشت گرد تنظیموں کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے اورپاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئےدہشت گرد تنظیموں کی درپردہ مدد بھی کررہا ہے۔
..........

/169