18 اگست 2011 - 19:30

غزہ پٹی پر صہیونی ریاست کے حالیہ ہوائی حملوں میں کم از کم سات فلسطینی شہید اور دسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔

ابنا: اسرائیل کے جنوب میں صہیونی فوجیوں کو لے جانے والی ایک بس پر مسلح افراد کے حملے میں کم از کم سات اسرائیلیوں کی ہلاکت کے بعد صہیونی ریاست نے دعوی کیا کہ حماس ان حملوں کی ذمہ دار ہے اور اسی بنا پر اس نے غزہ پٹی کے علاقوں اور مصر کی سرحد پر حملے کیے ہیں جن میں سات فلسطینی شہید ہوئے ہیں جبکہ مصری پولیس کے سات اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔ جبکہ حماس نے ایک بیان میں اسرائیلی فوجیوں پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
صہیونی ریاست کے جنگي طیاروں نے گزشتہ رات اور آج صبح غزہ خان یونس اور رفح شہروں سمیت غزہ پٹی کے مخلتف علاقوں کو میزائیلوں سے نشانہ بنایا۔ صہیونی ریاست کی جنگي کشتیوں نے بھی فلسطینی ماہیگیروں پر فائرنگ کی۔ صہیونی ریاست نے اسی طرح اس بہانے کہ یہ مسلح افراد مصر کی سرحد سے اسرائیل میں داخل ہوئے، مصری سرحد پر بھی جنگي طیاروں سے میزائیل برسائے جس کے نتیجے میں مصری پولیس کے سات اہلکار جن میں کئی اعلی افسر بھی شامل ہیں، ہلاک ہو گئے۔
درایں اثنا صہیونی اخبار ہا ارتص نے اپنی ایک رپورٹ میں اسرائیل میں فوجیوں کے جانی نقصان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک اسرائیلی فوجی مصر کی سرحدی فورسز کی فائرنگ سے مارا گیا۔
لبنان کے اخبار السفیر نے بھی اسرائیل میں صہیونی فوجیوں پر مسلح افراد کے حملے کو صہیونی ریاست کی سلامتی پر ایک کاری ضرب قرار دیتے ہوئے لکھا ہوا ہے کہ اسرائیل اس حملے سے وحشت زدہ ہو گیا ہے اور اس کے بعد اس نے غزہ پٹی پر حملے کا حکم دے دیا ہے۔
اسی دوران فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے رہنما خضر حبیب نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں پر حملہ اس لیے کیا گيا تاکہ صہیونی دشمن کو ملت فلسطین پر حملہ کرنے کا بہانہ مل سکے۔
قدس میں العالم کے نامہ نگار خضر شاہین نے بھی کہا ہے کہ صہیونی ریاست نے اسرائیلی فوجیوں پر مسلح افراد کے حملے سے غلط فائدہ اٹھایا ہے۔
صہیونی ریاست کے وزیر جنگ ایہود باراک نے غزہ پٹی میں موجود فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کو اسرائیلی فوجیوں پر حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور غزہ پٹی پر ایک بڑے حملے کی دھمکی دی ہے۔
غزہ پٹی پر صہیونی ریاست کے حملوں کے بعد فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل کے جنوب میں اسدود ، بئرالسبع اور عسقلان صہیونی کالونیوں پر کئی راکٹ فائر کیے جس نتیجے میں چھ صہیونی زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔
 ............

/169