15 اگست 2011 - 19:30

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایک بیان میں عراق کے کئی شہروں میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

ابنا: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ایک بیان میں عراق میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے اقدامات خاص طور پر رمضان کے مبارک مہینے میں انتہائي ہولناک اور قابل مذمت ہیں۔
بان کی مون نے اس بیان میں عراقی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردانہ اقدامات کے مقابل حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں تاکہ اس ملک میں تشدد کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
اس بیان میں اسی طرح عراق کے سیاسی رہنماؤں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان دہشت گردانہ حملوں کے مقابل اتحاد اور قومی مذاکرات کو جاری رکھیں تاکہ عراق میں امن و استحکام قائم ہو سکے۔
واضح رہے کہ عراق کے مختلف شہروں میں پیر کے روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ارسٹھ افراد جاں بحق اور دو سو اڑتیس زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ کے رکن جواد الکرعاوی نے عراق میں حالیہ بم دھماکوں کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ دو ہزار گيارہ کے بعد بھی عراق میں اپنے فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کے لیے اس طرح ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ عراقی فورسز ملک میں امن و امن قائم نہیں کر سکتیں اور وہ ان بم دھماکوں کے ذریعے عراق میں اپنے فوجیوں کو باقی رکھنے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش میں ہے۔
........... 
/169