15 مارچ 2011 - 20:30

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی نے بحرین کے واقعات پر اپنے دوسرے بیان میں عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور عوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ مختلف ذرائع سے بحرین کے مظلوم اور نہتے عوام کی مدد کریں۔

اہل البیت نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی نے بحرین میں رونما ہونے والے افسوسناک واقعات پر اپنا دوسرا بیان جاری کیا ہے جس کا متن درج ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

و إِذَا حَكمْتم بَيْنَ النَّاسِ أَن تحكُمُواْ بِالعَدلِ إِنَّ اللّهَ نِعِمَّا يَعِظكُم بِهِ إِنَّ اللّهَ كَانَ سَمِيعًا بَصِيرًا (سوره نساء – آیت 58)

اور جب لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو انصاف کے ساتھ فیصلہ کرو۔ نہایت اچھی بات ہے یہ جس کی اللہ تمھیں نصیحت کرتا ہے۔ بے شک، اللہ سننے والا اور دیکھنے والا ہے۔

توقع کی جاتی تھی کہ مملکت بحرین کے حکام تیونس اور مصر کے حکام سے عبرت حاصل کریں گے، عوام کی صدائے عدل و انصاف کو سن لیں گے اور اس کا مناسب جواب دیں گے مگر ہم نے دیکھا کہ انھوں نے بھی "بدمعاشوں اور غنڈوں کا سہارا لینے"، "بیرون ملکی کرائے کے ایجنٹ اور قاتل بھرتی کرنے" اور "بیرونی افواج سے مدد لینے" جیسے شکست خوردہ ہتھکنڈوں سے استفادہ کیا اور اپنی قوم کے مد مقابل آکھڑے ہوئے۔ لیکن یہ ہتھکنڈے نہ صرف بحرین میں امن و امان کی بحالی کا باعث نہیں بن سکے ہیں بلکہ اس ملک میں جاری بحران کی گہرائی میں اضافہ ہوگیا ہے اور عوام کے مطالبات پہلے سے کہیں زیادہ وسیع اور شدید ہوگئے ہیں۔ اسی بنا پر دنیا کے گوشے گوشے سے سینکڑوں پیروان اہل بیت (ع)، پر مشتمل عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی ایک بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے کی حیثیت سے اعلان کرتی ہے کہ: 1. بحرین میں بیرونی افواج کی طرف سے بحرین میں فوجی مداخلت، ایک طرف سے اس ملک کے باشندوں کے حقوق کے خلاف تجاوز اور جارحیت سمجھی جاتی ہے اور دوسری طرف سے یہ امر دوسرے ممالک کی افواج کی مداخلت کا جواز بھی فراہم کرتی ہے۔2۔ انسانی حقوق کے اداروں اور دنیا کی عوامی تنظیموں ـ خاص طور پر اسلامی ممالک ـ پر واجب ہے کہ وہ مختلف طریقوں اور اقدامات کے ذریعے بحرین نیز لیبیا اور یمن; کے مظلوم عوام کی حمایت کریں اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں جو نہتے اور بے پناہ ہیں اور انہیں کیل کانٹے سے لیس افواج کے حملوں اور جارحیتوں کا سامنا ہے۔ 3. آل خلیفہ کے بادشاہ، ولیعہد اور باقی حکام کو متنبہ کرتے ہیں کہ عوام کے خلاف تشدد آمیز اقدامات اور ان کے خلاف ڈنڈہ برداروں اور بیرون ملکی کرائے کے ایجنٹوں کے استعمال سے باز آئیں اور جان لیں کہ عوام کے خلاف قہر آمیز اقدامات نہ صرف بحران کے حل میں مؤثر نہیں ہیں بلکہ اس بحران کے حل کے امکان کو کمزور سے کمزورتر کردیتے ہیں۔ 4. اللہ تعالی سے بحرین کے صبور و با استقامت اور مظلوم عوام کے لئے درپیش مصائب و رنج و الم میں صبر جمیل اور اجر جزیل کے التجا کرتے ہوئے انہیں اتحاد و یکجہتی اور اللہ تعالی پر توکل کی دعوت دیتے ہیں۔

و ما النصر الا من عند الله العزیز الحکیم (سوره آل عمران ـ آیه 126)

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی9 ربیع الثانی 1432