7 فروری 2011 - 20:30

صدرآصف علی زرداری نے بیرسٹر مسعود کوثر کو خیبر پختونخواہ کا گورنر تعینات کر دیا ہے۔

ابنا: صدارتی ترجمان کے مطابق صدر نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر انہیں گورنر تعینات کیا۔گورنر تعینات ہونے و الے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر مسعود کوثر نے ایوان صدر میں صدرآصف زرداری سے ملاقات بھی کی،اس موقع پر صدر نے بیرسٹر مسعود کوثر کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی سیاسی اور اخلاقی حمایت حاصل کرنے کے ساتھ صوبے اور فاٹا کے عوام کی بہتری کے لئے بھی کردار ادا کریں گے۔صدر نے گورنر کو قبائلی علاقوں کی ترقی اور اعلان کردہ اصلاحات کے جلد نفاذ کی ہدایات دیں۔اس موقع پر بیرسٹر مسعود کوثر نے صدر کی طرف سے اعتماد کے اظہاراور اہم ذمہ داریاں دینے پر شکرہ ادا کیا اور کہا کہ وہ صوبے اور فاٹا کے عوام کی توقعات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔بیرسٹر مسعود کوثر اس سے قبل خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں اور وہ مرحوم شاعر احمد فراز کے بھائی ہیں۔

بشکریہ از روزنامہ جنگ.......

صوبہ سرحد یا خیبر پختونخوا نہایت بدقسمت صوبہ ہے بلوچستان کا حال بھی اس سے زیادہ بہتر نہیں ہے اور پاکستان میں بدترین اشخاص کو ان صوبوں کی گورنری دی جاتی ہے۔ علی احمد جان اورکزئی نے صوبہ پختونخوا اور قبائلی علاقوں کو آگ و خون میں دھکیل دیا اور نہایت بےشرمی سے اپنی کارکردگی کو درست قرار دیتے رہے اور اس کے بعد صوبہ بلوچستان میں آگ و خون کا کھیل کھیلنے والے اویس غنی کو اس بدبخت صوبے میں لایا گیا جس نے اپنے پیشرو کو روسفید کیا اور لوگ علی احمد جان کے مظالم کو "یادش بخیر" کہہ کر یاد کرنے لگے اب ایک سیاسی شخصیت کو اس صوبے میں لایا گیا ہے اور اگر وہ واقعی اپنے نعروں میں سچے ہوں تو ہمیں بھی امید ہے کہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے بشرطیکہ وہ بھی موجودہ صدر اور  مرکزی حکومت کی راہ پر گامزن نہ ہوں اور دوسری طرف سے کم از کم ایک لیفٹننٹ کرنل جتنے اختیارات سونپ دیئے جائیں...

............

/110