6 فروری 2011 - 20:30

ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونیوالے فہیم کی بیوہ کی تدفین کر دی گئی، ورثا کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت سے انصاف کی توقع نہیں ہے۔

ابنا: چیف جسٹس آف پاکستان از خود نوٹس لیں ۔لاہور میں امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونیوالے فہیم کی بیوہ شمائلہ نے انصاف سے مایوس ہو کر گزشتہ روز زہریلیاں گولیاں کھا کر خودکشی کرلی تھی۔ شمائلہ کو فیصل آباد میں اس کے آبائی گاؤں گیدڑی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظردیکھنے میں آئے۔ شمائلہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں فہیم کی ہلاکت کے بعد سے ہی شمائلہ نے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا اور وہ دن رات ملزم کو سزا دینے کا مطالبہ کرتی تھی لیکن حکومت کی طرف سے کوئی تعاون نہ ہونے اور ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنا دینے کی خبروں سے انتہائی پریشان تھی اور اسے اب انصاف کی امید نہیں رہی تھی جس پر اس نے زہریلی گولیاں نگل کر جان دے دی جبکہ فہیم کے بھائی اور شمائلہ کے دیور سلیم کا کہنا ہے کہ انہیں سیاسی قیادت سے انصاف کی توقع نہیں ہے۔ اس لئے چیف جسٹس آف پاکستان ازخود نوٹس لے کے انہیں انصاف دلائیں۔

شمائلہ کی خود کشی کا ذمہ دار بھی ریمنڈ ڈیوس ہے ،ورثاء لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے فہیم شمشاد کے ورثا کا کہنا ہے کہ اُس کی بیوہ شمائلہ کی خود کشی کا ذمہ دار بھی ریمنڈ ڈیوس ہے ، اگر اسے سزا نہ دی گئی تو تمام اہل خانہ خود کشی کرلیں گے۔ لاہور میں مقتول فہیم کی بہن ممتاز بی بی نے جیو نیوز کو بتایا کہ اگر ریمنڈ ڈیوس سے ملزموں جیسا سلوک ہوتا اور بہتر انداز میں تحقیقات کی جاتیں تو اس کی بھابھی خودکشی نہ کرتی ۔ ممتاز بی بی نے کہا کہ ابھی بھائی کا غم کم نہیں ہوا تھا کہ بھابھی کی موت کی صورت میں ایک اور صدمے کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انصاف نہ ملا تو ان کا پورا خاندان خود کشی کرلے گا ۔ فیہم کے والد شمشاد احمد کا کہنا ہے کہ ایک امریکی کے ہاتھوں سے بیٹے کا قتل برداشت نہیں ہوتا ۔

..........

/110