بسمہ تعالی
آپ پوچھتے کیوں نہیں؟؟؟ہم آپ سے یہ تو نہیں کہتے کہ آنے والے مہمان کا اٹھ کر استقبال نہ کریں لیکن ہم آپ سے اتنا ضرور کہیں گے کہ جس طرح آپ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کا رونا روتے ہیں ،جس طرح آپ فوجی آمریت کے خلاف واویلا کرتے ہیں، جس طرح آپ سوئس اکاونٹس کے معاملے کو فراموش کرنے پر تیار نہیں ہیں،جس طرح آپ کرپٹس سیاستدانوں اور ملک و قوم کے مجرم جرنیلوں کا محاسبہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اسی طرح آپ کبھی "سب سے پہلے اسلام" کا نعرہ لگانے والوں کے بارے میں بھی سوچیں۔۔۔کیا کبھی آپ نے سوچا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ سب سے پہلے اسلام کا نعرہ لگانے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں خود کش حملوں کی مذمت کیوں نہیں کرتے،کیا کبھی آپ نے سوچا کہ مساجد ،امام بارگاہوں اور اولیاء کرام کے مزارات پر حملے کرنے والوں کو مجاہدین اسلام کہا جاتا ہے لیکن سب سے پہلے اسلام کا نعرہ لگانے والے اس ظلم اور زیادتی کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھاتے۔۔۔سوچئیے اور ضرور سوچئے۔۔۔اور اگر اب کوئی آپ کے پاس سب سے پہلے اسلام کابینراٹھا کر آئے تو اس سے چند سوالات ضرور پوچھ لیجئےمثلا:کیا آپ مجھے سارےسوالوں کا سچ سچ جواب دیں گئے؟کیا آپ خود کش دھماکے کرنے والوں کو ملک و ملت کے دشمن تصور کرتے ہیں؟کیاآپ دہشت گردی کو اسلام اور پاکستان کے خلاف سازش سمجھتے ہیں؟کیا کسی دہشت گرد تنظیم یا شخص کی محبت آپ کے دل میں گوشہ نشین تو نہیں؟کیا آپ پاکستان کے ہر فرد،ہر مذہب اور ہر گروہ کا احترام کرتے ہیں؟کیا آپ کسی کرسی یا سیٹ کی خاطر سب سے پہلے اسلام کا نعرہ تو نہیں لگا رہے؟کیا جو کام پرویز مشرف صاحب سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا کر کرتے رہے آپ سب سے پہلے اسلام کا نعرہ لگاکر کرنے کا ارادہ تو نہیں رکھتے؟ ..............آپ کے ان سوالات سے معززمہمان یقیناً چونک جائے گا۔۔۔۔پھر آپ بھی ذرا تحمل سے ان سے چار پانچ سوالات مزید پوچھئے۔۔۔آپ کی یاسر عرفات سے کیا دشمنی ہے؟ ممکن ہے وہ جواب دیں کہ اس نے فلسطینیوں کا خون بیچاہےاگلا سوال کیجئے کہ آپ کی اتاترک سے کیا مخالفت ہے ممکن ہے کہ وہ جواب دیں کہ اس نے عثمانیوں کا خون بیچاہےپھر پوچھئے کہ آپ کی ضیاءالحق کے بارے میں کیا رائے ہے؟ممکن ہے وہ جواب دیں کہ اس نے نظریہ پاکستان کے شہیدوں کا خون بیچاہےپھر پوچھئے کہ آپ کی پرویز مشرف سے کیا مخالفت ہے؟ ممکن ہے وہ کہیں کہ اس نے کشمیریوں کا خون بیچاہےاتنے سوالات پوچھنے کے بعد ایک آخری سوال بھی پوچھئے کہ آخر آپ بھی توکہیں نہ کہیں سے کچھ نہ کچھ لے کر خود کش دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے خون کو بیچ چکے ہیں۔۔۔جب آپ خود کش دھماکے کرنے والوں کی مذمت نہیں کرتے تو پھر آپ میں اور یاسر عرفات میں، آپ میں اور اتاترک میں، آپ میں اورپرویز مشرف میں کیا فرق ہے؟؟؟.........بشکریہ از جناب نذر حافی جنہوں نے یہ مضمون ہمارے لئے ارسال فرمایا ہے۔نذر حافی کو اپنی رائے سے آگاه کرنے کے لئے ان ہی سے رابطہ کیجئے: nazarhaffi@yahoo.com........./110