ذرائع کے مطابق میاں راشد حسین اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ نوشہرہ کے علاقے پبی خان شیر گڑھی میں واک کر رہے تھے کہ اسی دوران مسلح افراد نے فائرنگ کر کے خیبر پختون خواہ کے وزیر اطلاعات میاں افتخارحسین کے اکلوتے بیٹے کو قتل اور ان کے ساتھ دو ساتھیوں کو شدید زخمی کردیا۔میاں راشد حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے دوساتھیوں کو تشویش ناک حالت میں ریڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے قتل کے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ میاں افتخار حسین کی بہادری اور ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے ایسے ہتھکنڈوں سے نہیں گھبرائیں گے، دہشتگرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ہمارے بچوں کو قتل کرنے سے ہماری پالیسی میں تبدیلی نہیں آئیگی۔ سینیٹرحاجی عدیل کا کہنا ہے کہ میاں افتخار کے بیٹے کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہیگی۔متحدہ کے قائد الطاف حسین نے بھی واقعے کی مذمت اور میاں افتخار سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔الطاف حسین نے اے این پی راہنماؤں سے بھی اظہار تعزیت کیا۔سینئر وزیر خیبر پختونخوا بشیر بلور کا کہنا ہے کہ ہمیں ملنے والی دھمکیوں کاسلسلہ جاری ہے، ہمارے بچوں کی شہادت دہشتگردی کےخلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی، میاں افتخار کے بیٹے کے قتل کی جتنی مذمت کریں کم ہے۔
.......
/110