28 نومبر 2026 - 11:46
ایران کے مسئلہ کو شیعہ سنی اختلاف کا رنگ نہیں دینا چاہیے

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ایران کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: بعض قوتیں جنگ اور کشیدگی کو طول دے کر ایران پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتی ہیں تاکہ اس کی مشکلات میں اضافہ کیا جا سکے۔ تاہم اسلامی نظام اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی میں 16 جمادی الثانی 1448ھ، بمطابق 27 نومبر 2026ء کو حجت الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔ خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کی معرفت و عظمت، معاشرتی ذمہ داریوں، نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت، عالم اسلام کے حالات اور ملکی صورتحال سمیت مختلف اہم موضوعات پر گفتگو کی۔

انہوں نے ایران کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: بعض قوتیں جنگ اور کشیدگی کو طول دے کر ایران پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتی ہیں تاکہ اس کی مشکلات میں اضافہ کیا جا سکے۔ تاہم اسلامی نظام اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔

خطیب جمعہ نے کہا: ایران کے حوالے سے مسئلہ کو شیعہ سنی اختلاف کا رنگ نہیں دینا چاہیے۔ اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کے مفادات مشترک ہیں۔

انہوں نے اہل سنت بھائیوں کی جانب سے امریکہ کے مقابلے میں ایران کی مقاومت کی تعریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ کسی فرقے کی کامیابی نہیں بلکہ اسلام کی استقامت اور سربلندی کا معاملہ ہے۔

علامہ شبیر میثمی نے فلسطین کے مظلوم عوام کا ذکر کرتے ہوئے عالم اسلام کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا: جب فلسطینی مرد، خواتین، بچے اور بزرگ ظلم و بربریت کا نشانہ بن رہے تھے تو مسلم دنیا کے مختلف حلقوں کی خاموشی قابلِ سوال تھی۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں اور اپنے دینی و انسانی فرائض کو فراموش نہ کریں۔

خطیب جمعہ نے چین، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے حوالے سے کہا: کسی عالمی قوت پر غیر مشروط بھروسہ کرنے کے بجائے ہمارا حقیقی اعتماد اللہ تعالیٰ کی ذات پر ہونا چاہیے۔ موجودہ حساس صورتحال میں اہل ایمان دعا، توسل اور زیارات کے ذریعہ اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کریں۔ زیارت عاشورا، زیارت جامعہ اور زیارت وارثہ کی تلاوت کریں اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کریں، کیونکہ موجودہ حالات انتہائی حساس ہیں اور ان کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha