26 نومبر 2026 - 18:30
ایرانی قوم کے ہاتھوں مستکبروں کا انجام بھی صدام جیسا ہوگا

اسلامی جمہوریہ ایرن کی رضاکارانہ فوج کے سربراہ نے کہا: ایک بااقتدار امام نے ایسی مضبوط قوم تیار کی جو دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوئی۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، آج رات رواقِ کشور دوست میں شہید ایران کے ساتھ بسیجیوں کی تجدیدِ عہد کی تقریب منعقد ہوئی۔

حجۃ الاسلام طائب، سربراہِ بسیج مستضعفین تنظیم نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:

آج اس مقدس مقام پر بسیجیوں، بھائیوں اور بہنوں کا ایک گروہ، ملک بھر، صوبائی مراکز اور شہروں میں ایک مقررہ وقت پر جمع ہونے والے تمام بسیجیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے امام کے ساتھ تجدیدِ عہد کے لیے حاضر ہوا ہے۔ ہم بھی عہد کرتے ہیں کہ اپنے امام، سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی پیروی کرتے ہوئے انقلاب کے دونوں اماموں کے راستے پر چلتے رہیں گے۔ ہم اس راستے کو جاری رکھیں گے اور پورے عزم کے ساتھ کہتے ہیں: ’اے شہید قائد، رہبرِ معظم! ہماری امید اور توکل اللہ پر ہے۔ ہم طاقت کو صرف اللہ تعالیٰ کے لیے خاص سمجھتے ہیں اور عزت و سربلندی بھی اسی کے لیے مانتے ہیں۔

اگر آپ نے ہمیں دشمنوں کے مقابلے میں سختی اختیار کرنے کا حکم دیا ہے تو ہم عہد کرتے ہیں کہ جس طرح ماضی کے بسیجی اور ہمارے کمانڈر دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوئے، اسی طرح ہم بھی ثابت قدم رہیں گے۔ اس راستے میں ماں کے پیٹ میں موجود بچے سے لے کر بوڑھے افراد تک شہید ہوئے اور یہ نعرہ بلند کرتے رہے کہ ’اشداء علی الکفار

انہوں نے مزید کہا:

ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ قرآنی مستضعفین کا عملی مصداق بنیں۔ دنیا کے مستضعفین پر اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم احسان نازل ہونے والا ہے، اور وہ یہ ہے کہ ہمارے زمانے کے امام، حضرت حجت، ظہور فرمائیں گے۔ دشمن چاہتا ہے کہ مستضعف قوموں کو کمزور کر دے، لیکن حضرت مہدیؑ کے ظہور کے ساتھ زمین مستضعفین کی میراث بن جائے گی۔

یہ درست ہے کہ آج ہمارے قائد شہید ہو چکے ہیں اور ہم گزشتہ برسوں کی طرح ان کی خدمت میں حاضر ہو کر رپورٹ پیش نہیں کر سکتے، لیکن آج ہم اپنے اس امام کو رپورٹ پیش کر رہے ہیں جنہوں نے اس پاکیزہ شجر کی بنیاد رکھی، اور اپنے شہید امام سے عرض کرتے ہیں: اے امام! اے شہید قائد! ہم بسیجی، ملت اور دنیا کے مستضعفین ڈٹ کر کھڑے ہیں اور مزاحمت کا راستہ جاری رکھیں گے۔ ہم اپنے ملک کی سلامتی یقینی بنائیں گے اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں گے۔ ہم علم و تحقیق کے میدان میں پیداوار بڑھائیں گے اور محنت و کوشش سے اپنی ترقی پوری دنیا کو دکھائیں گے۔ ہم دنیا کے تمام ممالک کو دعوت دیتے ہیں کہ یہاں آ کر ایک قوم کی مزاحمت کا مشاہدہ کریں کہ کس طرح ایک مضبوط قوم اپنے مضبوط رہنما کی پیروی کرتے ہوئے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرتی ہے۔

طائب نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ اس جنگ میں شکست کھا چکا ہے، کہا:

آج خود امریکی عوام کہہ رہے ہیں کہ تم نے ایک بے نتیجہ جنگ شروع کی اور اس میں شکست کے سوا کچھ حاصل نہیں کیا۔ وہ اپنے تمام جنگی سازوسامان لے کر آئے، لیکن شکست کھا گئے۔ ہم ان سے کہتے ہیں کہ برسوں بعد اعداد و شمار سامنے آنے کا انتظار کرنے کے بجائے وہ خود بتائیں کہ اپنے طیارہ بردار بحری جہازوں پر کتنے ماہرینِ نفسیات لائے تاکہ اپنے فوجیوں کا علاج کر سکیں۔ بتائیں کہ اپنے فوجی اڈوں پر کتنے ڈاکٹر تعینات کیے؟ اپنی فوج میں بغاوت اور احکامات سے انحراف کے واقعات کے اعداد و شمار آج ہی جاری کریں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مضبوط امام نے ایک مضبوط قوم تیار کی۔ انہوں نے کہا:

اس بااقتدار امام نے آخری لمحے تک ثابت قدمی دکھائی۔ یہاں تک کہ انہوں نے اپنی قوم کے مستقبل کی پیش گوئی بھی کر دی تھی اور فرمایا تھا کہ اگر کوئی واقعہ پیش آیا تو یہ قوم مبعوث ہو کر اٹھ کھڑی ہوگی۔ آج رات ہم یہاں اور ملک بھر میں جمع ہوئے ہیں تاکہ اعلان کریں کہ ہم اس بیداری کے سفر کو جاری رکھیں گے اور اسے رہبرِ معظم کی اس خواہش میں ڈھال دیں گے جس کا اظہار انہوں نے ان الفاظ میں کیا تھا: ’ہر ایرانی ایک بسیجی ہے۔‘ ہم مزاحمت کی سوچ دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچانے کے لیے قدم اٹھائیں گے اور ان شاء اللہ حضرت مہدیؑ کے ظہور کی راہ ہموار کریں گے۔

ہم دنیا کے تمام مستضعفین کے ساتھ بھی عہد کرتے ہیں کہ جب تک اپنے شہید رہنما، میناب کے بچوں اور اپنے دیگر شہداء کے خون کا بدلہ نہیں لے لیتے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔‘‘

بسیج مستضعفین تنظیم کے سربراہ نے آخر میں کہا:

ہم اللہ تعالیٰ کے وعدوں پر یقین رکھتے ہیں۔ ان شاء اللہ، جس طرح آٹھ سالہ جنگ کے بعد ہماری قوم نے دیکھا کہ کیمیائی بم استعمال کرنے والے مجرم حکمرانوں کا کیا انجام ہوا، اسی طرح ہماری قوم آج کے مستکبروں کا انجام بھی صدام جیسا کر دے گی۔‘‘
 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha