10 نومبر 2026 - 13:38
میناب اسکول میں قتلِ عام کے جرم میں پیٹ ہیگسٹھ کو برطرف کیا جائے گا

امریکی ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے اپنےبیان میں کہا ہے کہ وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسٹ نے فوجی کارروائیوں کے ضوابط منظم انداز میں ختم کرکے ایران کے شہر میناب میں اسکول پر مہلک حملے کی راہ ہموار کی، اسی لیے وہ رواں سال کے اختتام تک اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکیں گے۔

اہلِ بیت انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، تھامس میسی نے امریکی خبر رساں ادارے ’’دی ہل‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ قوی امکان ہے کہ پیٹ ہیگسٹ 31 دسمبر، یعنی 10 جنوری تک اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔

میناب کے شجرہ طیبہ اسکول پر گزشتہ سال اسفند میں ہونے والے امریکی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے میسی نے کہا کہ ہیگسٹ نے فوجی کارروائیوں کے ان ضوابط کو منظم طریقے سے ختم کیا جن کا مقصد شہری ہلاکتوں کو کم سے کم رکھنا ہوتا ہے۔ ان کے بقول، اسی اقدام کے نتیجے میں میناب کے اسکول پر مہلک حملہ ہوا۔

میسی کے مطابق، اسکول پر حملے میں کم از کم 156 شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ بعض رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 170 تک بتائی گئی ہے۔

امریکی رکن کانگریس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 120 طلبہ، 26 اساتذہ، اپنے بچوں کو بچانے کے لیے اسکول پہنچنے والے سات والدین، اسکول وین کا ایک ڈرائیور، قریبی کلینک میں کام کرنے والا ایک فارمیسی ٹیکنیشن اور ایک خاتون استاد کے پیٹ میں موجود چھ ماہ کا جنین بھی شامل تھا۔

میسی نے ہیگسٹ کو میناب اسکول کے طلبہ کی ہلاکت، ماہی گیری کی کشتیوں پر بمباری اور وینزویلا میں غیرقانونی اغوا کے واقعات میں بھی مؤثر کردار کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا، ان کے سواروں پر منشیات اسمگلنگ کا الزام ثابت بھی ہوا تھا یا نہیں، یہ واضح نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر خود اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ وینزویلا کا تیل قبضے میں لیا گیا اور امریکی کمپنیاں اس تیل سے منافع کما رہی ہیں۔

دی ہل کے مطابق، میسی نے پیر کے روز اپنے وعدے کے مطابق پیٹ ہیگسٹ کے مواخذے کی تحریک پیش کی اور اس کے فوراً بعد ایوانِ نمائندگان کے اجلاس میں مواخذے کی قرارداد کے نکات بلند آواز سے پڑھ کر سنائے۔

دوسری جانب، ہیگسٹ نے پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق کہا کہ انہیں میسی کی کوششوں پر کوئی تشویش نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اگلی صبح اس معاملے پر پریس کانفرنس کریں گے۔ تاہم میسی نے پریس کانفرنس کے اعلان کو ہیگسٹ کی پریشانی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا: وہ خوفزدہ ہیں، بات اتنی سادہ ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیٹ ہیگسٹ کا دفاع کرتے ہوئے تھامس میسی کو ’’مکمل ناکام شخص‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ ملک کے بقول مقبول ترین اور کامیاب ترین فوجی عہدیدار کے مواخذے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید لکھا کہ جو بائیڈن کے دور کے بعد فوج میں بھرتیوں کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور امریکا نے وینزویلا اور ایران میں دو کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس لیے پیٹ ہیگسٹ کو مواخذے کا سامنا کرنے کے بجائے سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے کانگریس پر زور دیا کہ وہ ہیگسٹ کی حمایت کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha