بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ سیاسی امور کے سینئر ماہر ڈاکٹر محمد جواد لاریجانی نے جوہری شعبے میں ایران کی علمی اور تکنیکی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا:
میں اس شخص کی حیثیت سے جو اس شعبے سے تعلق رکھتا ہے، آپ کو بتاتا ہوں کہ ایٹمی ہتھیار بنانا ہمارے لئے پانی پینے جتنا ہے؛ یہ ایک کھلونے کی طرح ہے۔ ہمارا جوہری علم ان باتوں سے بڑھ کر ہے۔
اگر ولی امر اجازت دیں تو ہم اس کی بڑی مقدار بنائیں گے اور اگر وہ اجازت نہ دیں تو ہم ان کے حکم کے تابع ہیں؛ لیکن دشمن کو جان لینا چاہئے کہ یہ کام ہمارے لئے پانی پینے جیسا، اور بہت آسان ہے۔

"فارس من" میں جوہری ڈاکٹرائن پر نظرثانی کے لئے ہزاروں افراد کی مہم
قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی طرف سے ایرانی قوم اور نظام کے خلاف بار بار کی بدعہدی اور دشمنانہ رویئے اور نیز ہمارے ملک پر فوجی جارحیت کے بعد، اسلامی جمہوریہ ایران کے جوہری نظریئے پر نظرثانی کا موضوع ملک کی عوامی فضا میں اٹھائی جانے والی مطالبات میں سے ایک بن گیا ہے؛ اس طرح کہ، عوام کے مختلف طبقات اور سیاسی دھاروں نے مختلف نقطہ ہائے نظر اور تجاویز پیش کرتے ہوئے ملک کی جوہری پالیسیوں اور رویوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ تسدید (ڈیٹرنس) کی صلاحیت مضبوط ہو اور قومی سلامتی محفوظ رہے۔
اسی سلسلے میں، فارس نیوز ایجنسی کے صارفین کی ایک جماعت نے بھی "فارس من" سسٹم میں مہمات رجسٹر کر کے ملک کے جوہری نظریئے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
ان مہمات میں سے ایک، جس کی تقریباً 3 ہزار افراد نے حمایت کی ہے، (یہاں) اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کے خلاف بڑھتے ہوئے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے، ہر لحاظ سے تسدیدی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور ایٹمی ہتھیار بنانے اور ملک کے میزائلوں کی رینج 13 ہزار کلومیٹر تک بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس مہم کے متن میں آیا ہے: "اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کے خلاف بڑھتے ہوئے خطروں اور ہر لحاظ سے ڈیٹرنس کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت کے پیش نظر، ایٹمی ہتھیار بنانا اور میزائلوں کی رینج 13 ہزار کلومیٹر تک بڑھانا بہت لازم اور ضروری ہے۔ یہ فیصلہ کن قدم موجودہ اور آئندہ دھمکیوں کے مقابلے میں بقا اور قومی سلامتی کی ضمانت ہوگا۔"
اس مہم میں مجلس شورائے اسلامی کے نمائندگان، اعلیٰ قومی سلامتی کونسل، وزارت دفاع اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جوہری نظریئے پر نظرثانی اور ملکی تسدیدی صلاحیت مضبوط کرنے کے موضوع پر اپنی توجہ مرکوز کریں اور اگر رہبر معظم ایران کی تائید حاصل ہوئی تو ایٹمی ہتھیار بنانے کو بھی ایجنڈے میں شامل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ