4 نومبر 2026 - 23:04
امریکی انتخابات کا پیغام ایران کے خلاف جنگ کا خاتمہ ہے، برطانوی وزیرِ اعظم

برطانوی وزیرِ اعظم نے امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کے امیدواروں کی بری شکست کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنہم (Andy Burnham) نے آج بدھ کے روز کہا ہے کہ امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج نے دنیا کے لئے یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے اور زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت کم کرنے پر توجہ مرکوز کرے۔

برطانوی وزیر اعظم جو اس ملک کی لیبر پارٹی کے رہنما بھی ہیں ـ نے کہا: میرے خیال میں امریکہ میں ووٹروں کا پیغام بھی یہی ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ "نیلی سونامی" (Blue Tsunami) اور ڈیموکریٹس کی زبردست کامیابی کے نتیجے میں ـ جس کے باعث دونوں ایوانِ ـ سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان ـ ان کے قبضے میں آ گئے ہیں ـ ایک ذلت آمیز شکست سے دوچار ہوگیا۔ یہاں تک کہ انتخابات میں روایتی ریپبلکن علاقوں کے ووٹروں نے بھی ٹرمپ کی جماعت کے امیدواروں سے منہ موڑ لیا۔

برنہم نے کہا کہ امریکی ووٹر چاہتے ہیں کہ دنیا کی قومیں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی ہوں اور ان مسائل پر توجہ دیں جو عوام کے لئے اہمیت رکھتے ہیں۔

برطانوی وزیرِ اعظم سے پوچھا گیا: امریکی انتخابات کے نتائج پر آپ کا ردِ عمل کیا ہے اور کیا آپ سمجھتے ہیں کہ یہ نتائج ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید غیر متوقع بنا دیں گے؟

انھوں نے جواب دیا: صدر ٹرمپ نے انتخابات کے نتائج قبول کر لئے ہیں۔ میرے خیال میں اب دنیا کے لئے یہ موقع فراہم ہؤا ہے کہ وہ اس مسئلے کے سامنے متحد ہو جائے جس نے ہم سب کو متاثر کیا ہے؛ یعنی زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت۔

انھوں نے مزید کہا: وزیرِ اعظم کے دفتر میں اپنے پہلے تین مہینوں کے دوران یہ معاملہ میری ترجیحات میں سرفہرست رہا ہے اور ہم نے اس کے لئے اقدامات بھی کیے ہیں۔ لیکن جب تک مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ختم نہیں ہوتی، میں عوام کے کندھوں سے زندگی کی لاگت کا بوجھ نہیں اتار سکتا۔

برنہم سے پوچھا گیا کہ کیا آپ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے سے فکرمند ہیں؟

انھوں نے کہا: میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کروں گا اور اس سلسلے میں اپنا موقف بالکل واضح کروں گا۔ ہم اس تنازع کے حل اور آبنائے ہرمز سے جہازرانی کی مکمل بحالی کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے کوششیں کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha