اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے شعبۂ ذرائع ابلاغ نے یمن کی عبوری کونسل کے وزیر داخلہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔
النشرہ کے مطابق، حزب اللہ نے اپنے بیان میں یمن کی عبوری کونسل کے وزیر داخلہ کے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ حزب اللہ کے ماہرین یمن میں موجود ہیں اور انصاراللہ کی فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، اسلحہ سازی کی صلاحیتوں اور تربیتی نظام کو ترقی دینے میں حصہ لے رہے ہیں۔ حزب اللہ نے واضح کیا کہ یہ الزامات سراسر بے بنیاد اور جھوٹے ہیں اور ان کی کوئی حقیقت نہیں۔
حزب اللہ لبنان کے شعبۂ ذرائع ابلاغ نے کہا کہ یمن کے عوام کے پاس اپنی صلاحیتیں، وسائل اور تجربہ موجود ہے، جن کی مدد سے وہ کسی بھی جارحیت، خطرے یا محاصرے کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے ملک اور خودمختاری کا دفاع کر سکتے ہیں۔ انہیں اس مقصد کے لیے کسی کی حمایت یا مداخلت درکار نہیں۔ غزہ کی حمایت میں یمن پر امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف مزاحمت نے اس حقیقت کو ثابت کر دیا ہے۔
حزب اللہ نے مزید کہا کہ یمنیوں کے درمیان سنجیدہ اور ذمہ دارانہ بات چیت ہی ہر اختلاف یا مسئلے کے حل کا واحد حقیقی راستہ ہے۔ اس سے یمن کی وحدت، خودمختاری اور استحکام محفوظ رہے گا اور خطے کے عوام کے درمیان اختلافات کو ہوا دینے اور ممالک کو تقسیم کرنے کے لیے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے گا۔
آپ کا تبصرہ