اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سعودی سرکاری خبر رساں ادارے واس نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فوج نے ایک ڈرون کو روک لیا، جو مشرقی سعودی عرب میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی شیبہ آئل فیلڈ کی ایک تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس واقعے میں فلپائن اور نیپال سے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکی شہری ہلاک جبکہ پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے دو دیگر شہری زخمی ہو گئے۔
دمام کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ؛ ایک ہلاک، 8 زخمی
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اعلان کیا کہ بدھ کی شام مشرقی شہر دمام میں شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے والے حملے میں ایک غیر ملکی شہری ہلاک اور آٹھ دیگر افراد زخمی ہوئے۔
ادارے کے بیان کے مطابق، حملے کے نتیجے میں مالی نقصان بھی ہوا ہے، جس کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، سعودی اتحاد کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اتحاد نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں چار ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا۔
امریکہ کا بعض سفارتی اہلکاروں کو سعودی عرب چھوڑنے کا حکم
ایک اور پیش رفت میں، امریکی حکام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ امریکی محکمہ خارجہ نے بعض سفارتی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو سعودی عرب میں امریکی سفارتی مشنز چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ واشنگٹن خلیج فارس کے بعض دیگر عرب ممالک میں امریکی سفارتی مشنز کے ملازمین کے اہل خانہ کو بھی واپس بلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پیگوٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ محکمے نے صرف سعودی عرب میں امریکی حکومت کے غیر ضروری اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
پیگوٹ نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ یمن کی مسلح افواج کی جانب سے سعودی عرب میں شہری اہداف پر حملوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، ان حملوں میں شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے، جس سے شہری زخمی ہوئے اور فضائی سفر شدید متاثر ہوا۔
سعودی ہوائی اڈوں پر حفاظتی پابندیاں
امریکی سفارت خانے نے اس سے قبل سعودی عرب میں امریکی سرکاری ملازمین پر پابندیوں سے متعلق انتباہات جاری کیے تھے۔ ان ہدایات کے تحت امریکی اہلکاروں کو سعودی عرب کے کسی بھی ہوائی اڈے کو استعمال کرنے کے لیے امریکی سفارتی مشن کے سربراہ سے خصوصی اجازت لینا ضروری ہے۔
سفارت خانے نے یہ بھی بتایا کہ دارالحکومت ریاض کا شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈہ تاحال بند ہے۔ دوسری جانب، جدہ کا شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور دمام کا شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈہ کام کر رہے ہیں، تاہم وہاں پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کا حملوں میں اضافے کا خدشہ
سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا کہ یمن کی مسلح افواج نے سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں کی ہیں، جن میں شہری ہوائی اڈوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔
سفارت خانے کے مطابق، ان حملوں کے نتیجے میں شہری جانی نقصان اور مسافروں کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے۔ اس نے خبردار کیا کہ کشیدگی تیزی سے بڑھ سکتی ہے اور لڑائی کے براہ راست علاقے سے باہر بھی پھیل سکتی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں اور اپنی پروازوں کی تازہ صورت حال جاننے کے لیے براہ راست متعلقہ فضائی کمپنیوں اور ہوائی اڈوں سے رابطہ کریں۔
آپ کا تبصرہ