11 اکتوبر 2026 - 16:23
عراق اور ترکیہ میں تیل کے بدلے ریلوے منصوبے کی مالی معاونت پر اتفاق کی کوشش

عراقی وزارتِ نقل و حمل کے مطابق، عراق اور ترکیہ کے درمیان ایک فنڈ قائم کرنے کے لیے معاہدہ طے کرنے پر بات چیت جاری ہے، جس کے ذریعے ترکیہ کی کمپنیوں کی شراکت سے ’’ترقیاتی شاہراہ‘‘ منصوبے کے اخراجات تیل کے بدلے پورے کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے عالمی بینک سے قرض لیا جائے گا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کی سرکاری ریلوے کمپنی کے منصوبہ جاتی شعبے کے سربراہ فاضل عباس نے عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ترقیاتی شاہراہ‘‘ منصوبہ اس وقت منصوبہ بندی کی تیاری کے مرحلے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد عراق کے ریلوے نظام کو وسعت دینا، مختلف صوبوں کو آپس میں ملانا اور مسافروں و سامان کی نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

فاضل عباس کے مطابق، اس منصوبے کا بنیادی مقصد جنوبی عراق کی بندرگاہ فاؤ سے ترکیہ اور وہاں سے یورپ تک سامان پہنچانا ہے۔ اسی راستے سے واپسی میں بھی سامان لایا جا سکے گا۔ اس طرح ایشیا اور یورپ کے درمیان نقل و حمل اور تجارت کے گزرگاہ کے طور پر عراق کا کردار مضبوط ہوگا۔

عباس نے وضاحت کی کہ اس سلسلے میں ترکیہ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ معاہدے کے تحت منصوبے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ایک فنڈ قائم کیا جائے گا، جس میں ترکیہ کی کمپنیاں بھی شریک ہوں گی اور اخراجات کی ادائیگی تیل کی صورت میں کی جائے گی۔ منصوبے کی مالی معاونت کے لیے ان انتظامات پر کام جاری ہے۔

عراقی عہدیدار نے بتایا کہ اس منصوبے سے الگ ایک منصوبہ بھی ہے، جو ترقیاتی شاہراہ کے پہلے مرحلے پر مشتمل ہوگا۔ اس کا مقصد بغداد سے جنوبی شہروں بصرہ اور ام قصر تک، جبکہ بغداد سے شمالی شہر موصل تک موجودہ ریلوے لائنوں کو بہتر بنانا اور ریلوے نظام کو فاؤ بندرگاہ اور ترکیہ کی سرحد سے فیش خابور کے راستے ملانا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس مرحلے کے اخراجات عالمی بینک کے قرض سے پورے کیے جائیں گے۔ یہ اقدام ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور سامان و مسافروں کی نقل و حمل کی صلاحیت بڑھانے کے منصوبوں کا حصہ ہے۔

اسی سلسلے میں فاضل عباس نے بغداد۔عکاشات ریلوے لائن کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے جاری کام کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس لائن کے بیشتر حصوں اور ان تقریباً تمام پلوں کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے، جو دہشت گرد گروہ داعش کے حملوں میں تباہ ہو گئے تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha