23 ستمبر 2026 - 15:18
آیت اللہ شبیری زنجانی حوزہ ہائے علمیہ کے علمی ستون اور فقہ کے ممتاز فقیہ تھے: دفتر آیت اللہ گلپایگانی

آیت اللہ العظمیٰ گلپایگانی کے دفتر و خاندان نے آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا اور اس ممتاز فقیہ کی کئی سالہ علمی جدوجہد، تدریس، شاگردوں کی تربیت اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر آیت اللہ العظمیٰ گلپایگانی کے دفتر و خاندان نے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے اس عظیم سانحے پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عج)، مراجع عظام تقلید، حوزہ ہائے علمیہ، ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں، بالخصوص ان کے معزز خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

«جب کوئی عالم دین وفات پاتا ہے تو اسلام میں ایسی دراڑ پیدا ہوتی ہے جسے قیامت تک کوئی چیز پُر نہیں کرسکتی۔»

مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج سید موسیٰ شبیری زنجانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے انتقال پر انتہائی رنج و غم ہوا۔

وہ بلند مرتبہ شخصیت کئی سال کی علمی جدوجہد اور حوزہ علمیہ قم میں متعدد شاگردوں کی تربیت کے بعد فقہ کے ممتاز علماء اور حوزہ ہائے علمیہ کے علمی ستونوں میں شمار ہوتے تھے۔ فقہ و اصول کے مباحث میں اس ممتاز فقیہ کی بے مثال باریک بینی، علمی منابع میں گہرا تتبع اور علم رجال کے مبانی پر خصوصی توجہ نے ان کے لیے ممتاز علمی مقام پیدا کیا تھا۔

تدریس کے میدان میں ان کی مسلسل موجودگی، ممتاز شاگردوں کی تربیت اور تشیع کے علمی ورثے کی تحقیق و تبیین کے لیے ان کی کاوشیں حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ایک گراں قدر سرمایہ ہیں، جن کے آثار اور برکات ان کے شاگردوں کے درمیان جاری رہیں گے۔

اس ناقابلِ تلافی نقصان پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم ارواحنا فداه، مراجع عظام تقلید دامت برکاتهم، حوزہ ہائے علمیہ، ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں، بالخصوص ان کے معزز خاندان، محترم بھائی اور ان کے گرامی قدر فرزندان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے اس بلند مقام فقیہ کے لیے بلندی درجات اور اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ حشر، جبکہ ان کے پسماندگان کے لیے صبر و تسلی کی دعا کرتے ہیں۔

دفتر و خاندان حضرت آیت اللہ العظمیٰ گلپایگانی (قدس سرہ)

سید جواد اور سید محمد باقر گلپایگانی

۱۰ ربیع الثانی ۱۴۴۸

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha