اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے عالم تشیع کے بزرگ مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا۔
پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:
عالم تشیع کے بزرگ مرجع کے انتقال پر عراقچی کا تعزیتی پیغام؛ آیت اللہ شبیری زنجانی شیعہ فقہ کے عظیم وارث تھے
بسم اللہ الرحمن الرحیم
’’جب کوئی عالم وفات پاتا ہے تو اسلام میں ایسا خلا پیدا ہوتا ہے جسے قیامت تک کوئی چیز پُر نہیں کر سکتی۔‘‘
انا للہ وانا الیہ راجعون
عالم ربانی، دانا فقیہ اور عالم تشیع کے بزرگ مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی (قدس اللہ سرہ الشریف) کا انتقال حوزہ ہائے علمیہ، علمی و دینی حلقوں اور مکتب اہل بیت عصمت و طہارت (علیہم السلام) سے وابستہ تمام افراد کے لیے ایک عظیم نقصان اور بڑا سانحہ ہے۔
اس جلیل القدر فقیہ نے اپنی پوری زندگی علمی جدوجہد، شاگردوں کی تربیت اور شیعہ فقہ کے قیمتی علمی ورثے کی حفاظت میں گزاری اور اب اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہوگئے۔ انہوں نے گہرے علم، تقویٰ، تواضع اور اخلاص کی ایک لازوال یاد اپنے پیچھے چھوڑی ہے۔
میں حضرت ولی عصر (عج اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف)، رہبر معظم انقلاب اسلامی، مراجع عظام تقلید، حوزہ ہائے علمیہ، جلیل القدر علما و فضلا، ایران کے معزز عوام اور دنیا بھر میں اس مرحوم مرجع کے تمام پیروکاروں اور عقیدت مندوں کی خدمت میں اس عظیم سانحے پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔
اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ اس عالم علوی کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنے اولیائے الٰہی کے ساتھ محشور فرمائے اور ان کے معزز اہل خانہ اور تمام پسماندگان کو صبر و اجر عطا فرمائے۔
آپ کا تبصرہ