اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، غزہ کی پٹی کے علاقے بیت لاہیا پر صیہونی فوج کے فضائی حملے میں ایک فلسطینی خاندان کے تمام افراد شہید ہوگئے۔
روسیا الیوم کے مطابق، شمالی غزہ کے بیت لاہیا کے علاقے میں آج صبح صیہونی فوج کے فضائی حملے کے نتیجے میں دو فلسطینی بچیاں اپنے والدین سمیت شہید ہوگئیں۔
یہ خاندان ایک ایسی عمارت میں رہائش پذیر تھا جسے اس سے قبل صیہونی فوج نے حملے کا نشانہ بنایا تھا۔ خاندان کے افراد نے عمارت کے دو کمروں کی مرمت کے بعد وہاں رہائش اختیار کی تھی، تاہم آج کے حملے میں خاندان کے چاروں افراد شہید ہوگئے۔
شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین کی تقریب جبالیا کیمپ میں منعقد کی جائے گی۔
ایک اور واقعے میں جنوبی غزہ کے خان یونس کیمپ پر صیہونی فوج کی توپ خانے سے گولہ باری کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
صیہونی فوج کی جنگی کشتیوں نے بھی جنوبی غزہ کے ساحلی علاقوں کی جانب فائرنگ کی۔
دریں اثنا، غزہ کے المعمدانی اسپتال کے بعض شعبوں میں مریضوں اور زخمیوں کو طبی خدمات کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ اسپتال کا مرکزی جنریٹر خراب ہونے کے باعث کام کرنا بند کر گیا، جبکہ فنی خرابیوں، ایندھن اور اسپیئر پارٹس کی کمی کے باعث جنریٹر کی سرگرمیاں مکمل طور پر رک گئیں۔
آپ کا تبصرہ