29 اگست 2026 - 16:34
شیخ احمد قبلان: قومی صدارت کا آغاز جنوبی لبنان سے ہونا چاہیے

بیروت: لبنان کے ممتاز جعفری مفتی شیخ احمد قبلان نے ملکی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے صدر ژوزف عون سے کہا ہے کہ قومی ریاست کی حقیقی ترجیحات کا آغاز جنوبی لبنان سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزاحمت، لبنانی فوج اور قومی اتحاد کو ملک کی خودمختاری کا ضامن قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو لبنان کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شیخ احمد قبلان نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے برج البراجنہ میں امام حسینؑ مسجد میں نماز جمعہ کے خطبے کے دوران پیغمبر اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے معاشرے میں عدل، عزت و کرامت، ضرورت مندوں کی مدد، باہمی تعاون اور عوام کے حقوق کے دفاع کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے لبنان کی داخلی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا انتظامی ڈھانچہ اور بعض سرکاری ادارے سیاسی و مالی بدعنوانی اور مختلف گروہوں کے مفادات کے زیرِ اثر ہیں۔

شیخ قبلان نے خطے کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے موجودہ دور کو مشرق وسطیٰ میں انتہائی حساس تبدیلیوں کا مرحلہ قرار دیا۔ انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط کریں اور دعویٰ کیا کہ خطے میں سامنے آنے والی نئی تزویراتی تبدیلیوں میں تہران کا کردار نمایاں ہے۔

ممتاز جعفری مفتی نے لبنان کی حکومت کی امریکا اور اسرائیل کے حوالے سے پالیسی پر بھی تنقید کی اور خبردار کیا کہ سیاسی و سکیورٹی معاملات میں بیرونی انحصار لبنان کی خودمختاری کو متاثر کرسکتا ہے۔

صدر ژوزف عون سے مخاطب ہوتے ہوئے شیخ احمد قبلان نے کہا کہ ’’مزرعہ طرز کی حکومت‘‘ لبنان کے مفاد میں نہیں اور قومی ریاست کے تصور کا آغاز جنوبی لبنان اور وہاں کے عوام سے ہونا چاہیے۔

انہوں نے لبنانی عوام کو دوبارہ منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے موجودہ صورتحال کو ملک کے لیے قومی امتحان قرار دیا۔

شیخ احمد قبلان نے فرقہ وارانہ اختلافات اور لبنان کو تقسیم کرنے کی کوششوں کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے مزاحمت، لبنانی فوج اور قومی اتحاد کو ملکی خودمختاری کے بنیادی ضامن قرار دیا۔

انہوں نے اسرائیل کو لبنان کے خلاف سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کلیسا اور مساجد کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی اقدامات کے خلاف خاموش نہ رہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha