9 اگست 2026 - 17:49
جو بائیڈن کی صحت مزید بگڑ گئی؛ پروسٹیٹ کینسر ہڈیوں تک پھیلنے کا انکشاف

سابق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کا پروسٹیٹ کینسر مزید پھیل گیا ہے اور ہڈیوں کو بھی متاثر کرچکا ہے، جس کے باعث انہیں شدید تکلیف کا سامنا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ہنٹر بائیڈن نے ایک انٹرویو میں اپنے والد کی صحت کے بارے میں بتایا کہ جو بائیڈن کا کینسر جسم کے دیگر حصوں تک پھیل چکا ہے اور ان کی ہڈیوں کو بھی متاثر کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیماری پھیل چکی ہے اور ہڈیوں سمیت جسم کے دیگر حصوں کو متاثر کررہی ہے، جس کے باعث سابق امریکی صدر کو شدید درد کا سامنا ہے۔

83 سالہ جو بائیڈن امریکی تاریخ میں صدر کا منصب سنبھالنے والے سب سے معمر شخص رہے ہیں اور ان کی عمر و صحت ان کے چار سالہ دورِ صدارت کے دوران مسلسل اہم موضوع بنی رہی۔

بائیڈن اور وائٹ ہاؤس کے ان کے مشیروں کو سابق صدر کی صحت کے مسائل کی سنگینی چھپانے کی کوششوں کے الزامات پر بھی شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔

جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے چار ماہ سے بھی کم عرصے بعد، گزشتہ سال مئی میں اپنے کینسر میں مبتلا ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بائیڈن کی عمر اور صحت 2024 کے صدارتی انتخابات میں بھی اہم سیاسی مسئلہ رہی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ انتخابی مباحثے میں کمزور کارکردگی کے بعد بائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی، جس کے بعد ان کی نائب صدر کملا ہیرس نے ڈیموکریٹک امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا، تاہم وہ ٹرمپ سے شکست کھا گئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha