20 جولائی 2026 - 17:14
فلسطین: سبسطیہ کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دینے کی کوشش کے دوران صہیونی آبادکاروں کا تاریخی مقام پر دھاوا

فلسطین کی جانب سے سبسطیہ کے تاریخی مقام کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کرانے کی کوششوں کے دوران صہیونی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کی سکیورٹی میں نابلس کے شمال مغرب میں واقع اس تاریخی مقام پر دھاوا بول دیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ صہیونی آبادکار متعدد گاڑیوں میں سوار ہو کر نابلس کے شمال مغرب میں واقع تاریخی شہر سبسطیہ کے آثارِ قدیمہ کے مقام میں داخل ہوئے۔ یہ کارروائی اسرائیلی فوج کی سکیورٹی میں انجام دی گئی۔

یہ یورش ایسے وقت میں کی گئی جب مسلمانوں، مسیحیوں اور سامری برادری کے مذہبی رہنماؤں کی موجودگی میں ایک اجتماع منعقد کیا جا رہا تھا، جس کا مقصد فلسطین کی جانب سے سبسطیہ کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی حمایت کرنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، سبسطیہ کی عالمی ورثے کی فہرست میں شمولیت کی درخواست پر جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں منعقد ہونے والے یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کے 48ویں اجلاس میں غور کیا جا رہا ہے۔

اس اجلاس میں فلسطین کے دیگر ثقافتی ورثے سے متعلق کئی اہم پرونوں پر بھی فیصلہ متوقع ہے، جن میں قدیم شہر بیت المقدس اور اس کی فصیلیں، الخلیل کا قدیم شہر اور حرمِ ابراہیمی، بتیر کا علاقہ، اور غزہ کی پٹی میں واقع دیرِ سینٹ ہیلاریون شامل ہیں۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق، تاریخی شہر سبسطیہ گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد بار صہیونی آبادکاروں اور اسرائیلی فوج کے حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اس تاریخی علاقے پر اسرائیلی قبضے کو مضبوط کرنے اور اس کی تاریخی و ثقافتی شناخت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha