اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ کشیدگی وقتی طور پر غالب ہے، امید ہےکہ بالآخر امن اور مذاکرات کی سوچ کامیاب ہوگی، امن کاعمل کبھی ختم نہیں ہوتا تاہم وقتی تعطل کا شکار ہوسکتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت آج بھی مؤثر اور قابلِ عمل فریم ورک ہے، فریقین جب کشیدگی کاراستہ چھوڑیں گےتو امن کی واپسی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ممکن ہوگی، مفاہمتی یادداشت نہ ختم ہوئی ہے، نہ غیر مؤثر ہوئی ہے، اس کی اہمیت برقرار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کاپاکستانی مؤقف آج بھی برقرار ہے، پاکستان نے ہرملک پر مسلح حملوں کی مذمت کی اور ریاستوں کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر زور دیا، تنازع کے ہر مرحلے میں پاکستان کا بنیادی مؤقف مستقل رہا کہ امن اور مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، تمام فریقوں کو بالآخر مذاکرات کی میز پر آ کر اپنے تمام اختلافات حل کرنا ہوں گے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امن کے لیے بنیادی فریم ورک جبکہ 22 جون کے پاکستان، قطر مشترکہ اعلامیے میں عملدرآمد کا روڈ میپ موجود ہے،
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امن، باہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی کےفروغ کے لیے ایک مؤثر فریم ورک ہے، تمام فریقین پاکستان، قطر مشترکہ اعلامیے کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔
آپ کا تبصرہ