1 جولائی 2026 - 17:19
الشرق الاوسط: تہران تاریخ کی سب سے بڑی تشییعی تقریب کی تیاریوں میں مصروف

سعودی اخبار الشرق الاوسط نے دعویٰ کیا ہے کہ رہبرِ شہید انقلابِ اسلامی کی تشییع کے لیے تہران میں تاریخ کی سب سے بڑی عوامی تقریب کی تیاریاں جاری ہیں، جس میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سعودی اخبار الشرق الاوسط نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ رہبرِ شہید انقلابِ اسلامی، شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ‌ای کی تشییع جنازہ کے سلسلے میں تہران میں وسیع پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں اور اندازہ ہے کہ اس تقریب میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ افراد شرکت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق تہران کی مصلیٰ میں رہبرِ شہید کی تصاویر آویزاں کر دی گئی ہیں، جبکہ انتظامی ادارے تقریب کے انعقاد کے لیے آخری انتظامات مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔

الشرق الاوسط نے لکھا ہے کہ جنگی حالات کے باعث مؤخر ہونے والی یہ تقریبات ہفتے سے شروع ہوں گی اور رہبرِ شہید کا جسدِ خاکی تہران کی مصلیٰ میں ان کے اہل خانہ کے پیکروں کے ساتھ رکھا جائے گا تاکہ عوام آخری دیدار کر سکیں۔

اخبار کے مطابق تقریب میں بڑی تعداد میں عوام کی متوقع شرکت کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرکاری ادارے اور انتظامی عملہ بھی وسیع پیمانے پر سرگرم ہے۔ ایرانی سرکاری ذرائع نے شہریوں کو ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے اور شدید گرمی کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تقریب کے دوران تہران میں بعض سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے اور ٹریفک کی خصوصی پابندیاں نافذ کی جائیں گی۔

الشرق الاوسط کے مطابق تہران میں مراسم کی تکمیل کے بعد رہبرِ شہید کا جسدِ خاکی مزید تقریبات کے لیے نجف اور کربلا منتقل کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ تشییعی تقریب ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے ابتدائی معاہدے کے بعد ایک نازک جنگ بندی برقرار ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha