1 جولائی 2026 - 16:35
پزشکیان: رہبرِ شہید کی تشییع قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہونی چاہیے

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ رہبرِ شہید کی تشییع جنازہ قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہونی چاہیے۔ انہوں نے حالیہ علاقائی مفاہمتوں اور معاہدوں کو ملک کے لیے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نتیجے میں اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بدھ 30جون کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے حالیہ دورۂ قم کے نتائج پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مراجع تقلید سے ہونے والی ملاقاتوں کا ماحول انتہائی مثبت رہا، جبکہ انہوں نے موجودہ حساس حالات میں حکومت کے اقدامات کی حمایت کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران آیات عظام سبحانی، مکارم شیرازی، نوری ہمدانی، شبیری زنجانی اور دیگر ممتاز علماء و مراجع تقلید سے ملاقاتیں ہوئیں، جنہوں نے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور مختلف قومی معاملات پر مفید تجاویز پیش کیں۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ مراجع تقلید نے عوامی معاشی مشکلات اور مختلف طبقات کی امداد کے حوالے سے خصوصی توجہ دلائی، جس کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ راشن کارڈ (کالا برگ) اسکیم اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں کو مزید وسعت اور مضبوطی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مراجع تقلید نے حالیہ علاقائی معاہدوں اور مفاہمتوں کو بھی مثبت قرار دیا اور انہیں قومی مفاد کے حصول کی جانب اہم پیش رفت سے تعبیر کیا۔

صدر نے قم کے حوزۂ علمیہ کے اساتذہ اور جامعہ مدرسین کے اراکین سے ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان نشستوں میں باہمی احترام کے ماحول میں ملک کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تعمیری گفتگو ہوئی، جبکہ حکومت اور دینی و علمی حلقوں کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت ملک کے علماء، ماہرین اور جامعات کے اساتذہ کی آراء اور مشوروں کا خیر مقدم کرتی ہے اور قومی فیصلوں کو بہتر بنانے اور مسائل کے حل کے لیے ان کی تخصص سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے حالیہ علاقائی مفاہمتوں اور معاہدوں کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے باعث اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، تیل کی برآمدات کا سلسلہ برقرار رہا ہے، مالی اور زرمبادلہ سے متعلق بعض پابندیوں میں نرمی آئی ہے اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔

آخر میں صدر پزشکیان نے زور دیا کہ رہبرِ شہید کی تشییع جنازہ قومی اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی کی علامت ہونی چاہیے تاکہ پوری قوم اس موقع پر اتحاد کا عملی مظاہرہ کر سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha