28 جون 2026 - 18:59
یمن میں عاشورۂ حسینؑ کے اجتماعات، لاکھوں افراد کا فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اور راہِ امام حسینؑ پر ثابت قدم رہنے کے عزم کا اعادہ

صنعاء اور انصار اللہ کے زیر انتظام دیگر علاقوں میں 355 مقامات پر عزاداری کی تقریبات منعقد ہوئیں، شرکاء نے مزاحمت، ظلم کے خلاف قیام اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن میں یومِ عاشورہ کے موقع پر لاکھوں افراد نے صنعاء اور انصار اللہ کے زیر انتظام مختلف صوبوں میں منعقدہ عزاداری کی تقریبات میں شرکت کی۔ شرکاء نے حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے راہِ حسینی پر ثابت قدم رہنے، ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق اس سال عاشورہ کی مرکزی تقریبات "ہَیْہَاتَ مِنَّا الذِّلَّة" کے عنوان سے صنعاء اور دیگر آزاد علاقوں میں 355 مقامات پر منعقد ہوئیں۔ تقریبات میں انصار اللہ کے رہنما سید عبدالملک الحوثی کا خطاب نشر کیا گیا، جبکہ حضرت امام حسینؑ کی شان میں مذہبی اور ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔

تقریبات کی آرگنائزنگ کمیٹی کے فنی شعبے کے سربراہ محمد حیدرہ نے کہا کہ عاشورہ صرف ایک تاریخی واقعے کی یاد نہیں بلکہ ایک زندہ پیغام ہے۔ ان کے بقول شرکاء نے واقعۂ کربلا اور یمن کی موجودہ صورتحال کے درمیان تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے بیرونی جارحیت اور محاصرے کے خلاف یمنی عوام کی استقامت کو راہِ امام حسینؑ کا تسلسل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعات میں فلسطینی عوام، خصوصاً غزہ کے مظلوموں کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ شرکاء نے اہلِ بیتؑ پر ڈھائے گئے مظالم اور غزہ کے عوام کی موجودہ مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے مظلوموں کی حمایت اور مزاحمت کا راستہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

محمد حیدرہ کے مطابق سید عبدالملک الحوثی کے خطاب میں امتِ مسلمہ پر زور دیا گیا کہ وہ دشمنوں کے مقابلے، مظلوموں کی حمایت اور خطے میں استعماری طاقتوں کی پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری جانب انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد الفرح نے کہا کہ عاشورہ امتِ مسلمہ کے لیے حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد سے سبق حاصل کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمنی عوام واقعۂ کربلا سے رہنمائی لیتے ہوئے بصیرت، ظلم کے خلاف استقامت، امر بالمعروف، نہی عن المنکر، قربانی کے جذبے اور بیرونی جارحیت و محاصرے کے مقابلے کے عزم پر قائم ہیں اور یہی تعلیمات آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha