17 جون 2026 - 17:27
ترکیہ میں داعش کا میڈیا انچارج گرفتار

ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کارروائی میں احمد کازانچی نامی دہشت گرد کو حراست میں لیا گیا، جو ترکیہ میں داعش کی میڈیا سرگرمیوں کا ذمہ دار تھا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم (مِت) نے داعش خراسان شاخ کے میڈیا نیٹ ورک کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تنظیم کے اہم رکن اور ترکیہ میں داعش کے میڈیا انچارج کو گرفتار کر لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد کازانچی تنظیم کے اندر "ابو عبیدہ" اور "ابو ابراہیم" کے فرضی نام استعمال کرتا تھا۔ اسے اس وقت داعش کے میڈیا ونگ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جب اس سے قبل اس عہدے پر فائز اوزگور آلتون گرفتار ہو گیا تھا۔

ترک خبر رساں ادارے اناطولیہ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قومی انٹیلی جنس تنظیم کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ احمد کازانچی ترکیہ سے افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں گیا تھا، جہاں اس نے داعش خراسان میں شمولیت اختیار کی اور تنظیم کے تربیتی کیمپوں میں فعال کردار ادا کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہ اوزگور آلتون کے ساتھ مل کر ترکیہ سے جنگجوؤں کو افغانستان اور پاکستان منتقل کرنے کے نیٹ ورک میں بھی شریک رہا۔ آلتون کی گرفتاری کے بعد اس نے تنظیمی سرگرمیوں کی نگرانی سنبھال لی تھی۔

تحقیقات کے مطابق کازانچی پاکستان میں داعش کے ٹھکانوں پر ہونے والے فضائی حملوں میں زندہ بچ گیا تھا اور بعد ازاں اپنی تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے غیر قانونی طور پر دوبارہ ترکیہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

ترک حکام کے مطابق قومی انٹیلی جنس تنظیم (مِت) نے سرحدی علاقے میں ایک خصوصی آپریشن کے دوران اسے گرفتار کر لیا۔ سیکیورٹی ادارے اس سے مزید تفتیش کر رہے ہیں تاکہ داعش خراسان کے نیٹ ورک اور اس کے رابطوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha