اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ محمد امین شہیدی نے مینارِ پاکستان میں منعقدہ "شہیدِ امت" کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ محرم امتِ مسلمہ کے لیے بیداری، اتحاد اور شعور و آگہی کو فروغ دینے کا ایک بے مثال موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ظلم و استکبار کے مقابلے میں استقامت اور مقاومت کا راستہ اختیار کرنے والے مجاہدین اور شہداء کی یاد تازہ کرنا درحقیقت محرم کو امام حسینؑ کے مقصد، مشن اور پیغام سے جوڑنے کے مترادف ہے۔
محمد امین شہیدی نے کہا کہ محرم الحرام امتِ مسلمہ کو حق طلبی، عدل و انصاف، بیداری اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، اس لیے اس مقدس مہینے کے احترام اور اس کے بنیادی اہداف کو ہمیشہ پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر محرم کو شعورِ حسینی، امت کے اتحاد اور معاشرتی اصلاح کے جذبے کے ساتھ منایا جائے تو یہی ایک مہینہ امتِ مسلمہ کی اصلاح اور بیداری کے لیے کافی ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر محرم کو فرقہ واریت اور بے مقصد اختلافات کی نذر کر دیا گیا تو اس کے حقیقی مقاصد پس منظر میں چلے جائیں گے اور امت اس کے عظیم پیغام سے محروم رہ جائے گی۔
رہبر امتِ واحدہ پاکستان نے عوام، علما، خطباء اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ ایامِ محرم میں امتِ مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط بنانے، شعورِ حسینی کو عام کرنے اور نہضتِ کربلا کے مقاصد کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقدساتِ اسلامی اور شعائرِ الٰہی کے احترام کو ملحوظ رکھا جائے اور ہر ایسے عمل یا بیان سے اجتناب کیا جائے جو اشتعال، نفرت یا اختلافات کو ہوا دے سکتا ہو۔
آپ کا تبصرہ