11 جون 2026 - 16:25
لبنانی وزیر خارجہ کا متنازع بیان؛ حزب اللہ کو "غیر قانونی تنظیم" قرار دے دیا

بیروت: لبنان کے وزیر خارجہ یوسف رُجی نے حزب اللہ کے خلاف سخت اور متنازع مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسے "غیر قانونی تنظیم" قرار دیا ہے۔ انہوں نے حزب اللہ کو خطے میں عدم استحکام کا سبب ٹھہراتے ہوئے اس کے سیاسی اور عسکری شعبوں میں فرق کو مسترد کر دیا، جبکہ ایران کے خلاف بھی بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، رُجی نے فرانسیسی ٹی وی چینل "ایل سی آئی" کو دیے گئے انٹرویو میں حزب اللہ کو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے ایران کا بازو قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس جماعت نے لبنان کو ایک ایسے بحران میں دھکیل دیا ہے جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا، جبکہ تنازعات کے حل کے لیے اس کا عسکری طریقۂ کار ناکام ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی اور بے گھر افراد کی واپسی کے لیے براہ راست مذاکرات شروع کرنے پر لبنان کی اعلیٰ قیادت کی "جرأت" کو سراہتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا اور صہیونی حکومت کے حملوں کا خاتمہ ضروری ہے۔

لبنانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی امن فوج (یونیفل) کے ہلاک اہلکاروں، خصوصاً فرانسیسی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ لبنان ان قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گا۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بھی الزامات عائد کیے، جنہیں ایران کے حامی حلقے بے بنیاد اور سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دے رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha