عراق کے شہر بعقوبہ میں ہونے والے یکے بعد دیگر تین خودکش دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 35 ہو گئی جبکہ 45 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں صوبہ دیالا کے شعبہ صحت کے سربراہ بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا دھماکہ مقامی وقت کے مطابق 9 بجے اس وقت کیا گیا جب بعقوبہ میں واقع صوبائی ملازمین کی ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مرکزی گیٹ سے بارود سے بھری کار ٹکرا دی گئی جس کے باعث وہاں رہائشی عمارتوں میں آگ لگ گئی۔کچھ دیر بعد ہی وہاں موجود ایک ٹریفک انٹر سیکشن پر بارود سے بھری ایک اور گاڑی اڑا دی گئی۔ یکے بعد دیگر ے دو کار بم دھماکوں میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔تیسرا دھماکہ اس وقت کیا گیا جب بعقوبہ کے مرکزی اسپتال میں زخمیوں کو منتقل کیا جا رہا تھا کہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اسپتال کے گیٹ پر دھماکے سے اڑا دیا۔اس دھماکے میں صوبہ دیالا کے شعبہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر علی ال تمیمی بھی جاں بحق ہو گئے جو اس وقت زخمیوں کی دیکھ بحال میں مصروف تھے۔
/152