17 مئی 2010 - 19:30

شام کے مفتی اعظم ڈاکٹر احمد بدر الدین حسون، نے کہا: "دنیا کے نصف ارب مسلمان، شیعہ ہیں جن کا عملی شیوہ سنت نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور ولایت اہل بیت علیہم السلام کی پیروی ہے"۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق شام کے مفتی اعظم نے کہا ہے کہ دنیا کے نصف ارب مسلمان، شیعہ ہیں جن کا عملی شیعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سنت اور اہل بیت علیہم السلام کی ولایت کی اقتداء ہے اور مذاہب کا تنوع اور تعدد اللہ کی عظیم نعمتوں میں سے ہے اور اجتہاد کا دروازہ اہل سنت اور اہل تشیع کے لئے کھلا ہے۔ انھوں نے مذاہب کے تعدد کو اسلامی تفکر کا سرمایہ اور بنیادی اثاثہ قرار دیا اور کہا: مذاہب کے تعدد کو اسلامی کی نابودی کا سبب سمجھنے والے لوگ، وہی لوگ ہیں جنہوں نے اجتہاد کا چراغ گل کردیا ہے اور ابن تیمیہ کو اپنا واحد امام سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا: عقیدے کا تعدد اسلامی امت میں ممکن نہیں ہے کیونکہ تمام مسلمان اللہ، رسول اللہ (ص) اور قرآن مجید پر ایمان رکھتے ہیں اور اختلاف صرف بعض فقہی احکام کی حد تک محدود ہے۔ ڈاکٹر احمد بدرالدین حسون نے ہفتۂ وحدت مسلمین کی مناسب سے کہا: تقریب بین المذاہب کا سلسلہ امام جعفر صادق ((ع)) کے زمانے سے جاری ہے اور امام مالک اور امام ابوحنیفہ کے ساتھ امام صادق ((ع)) کا محبت آمیز سلوک سارے اسلامی مذاہب کو حقیقی اسلامی اتحاد کی دعوت دیتا ہے۔ ................................../110