17 اپریل 2010 - 19:30

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود ہلاک ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر طالبان ہتھیار پھینک دیں تو ان سے بات چیت ہوسکتی ہے۔پشاور کی مقامی عدالت میں اپنے خلاف مقدمے میں پیشی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفت گو میں وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ حکیم اللہ محسود ہلاک ہوچکے ہیں اور ان کی ہلاکت سے متعلق ان کے پاس ناقابل تردید اطلاعات ہیں۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات سے متعلق رحمان ملک نے کہا کہ طالبان سے اس وقت مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔ تاہم اگر وہ ہتھیار پھینک دیں اور خود کش حملے بند کردیں تو ان کے ساتھ بات چیت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان سوات کے امیر مولانا فضل اللہ ہمارے پاس نہیں ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں کوئی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہورہی ہے۔ پختون اور اردو بولنے والے دونوں مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔