27 جنوری 2026 - 10:17
امام خامنہ ای سے اظہار یکجہتی، آئی ایس او کی کراچی میں احتجاجی ریلی

، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام فوارہ چوک سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کے بعد پریس کلب کے سامنے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام فوارہ چوک سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کے بعد پریس کلب کے سامنے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ احتجاج کا مقصد امریکہ اور اسرائیل کی مختلف ممالک پر جارحیت، غزہ میں بیرونی افواج کی متوقع تعیناتی، استعماری پالیسیوں اور عالمی ذرائع ابلاغ کی جانب سے رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔ اس موقع پر ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ کے رہنما مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا ناظر عباس تقوی، مجلس ذاکرین امامیہ کے سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکاء سے خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر امامیہ آرگنائزیشن کراچی ریجن کے ناظم حیدر علی خان سمیت دیگر شیعہ رہنما بھی موجود تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امریکا اپنی طاقت کے بل بوتے پر دنیا میں خود کو ایک بے لگام قوت کے طور پر مسلط کر رہا ہے۔ مقررین کے مطابق حالیہ مثال وینزویلا کی ہے جو ایک خودمختار ریاست ہے اور دنیا کے سب سے بڑے تیل اور سونے کے ذخائر رکھتی ہے، امریکی افواج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر وینزویلا میں غیر قانونی مداخلت کرتے ہوئے وہاں کے صدر اور ان کی اہلیہ کو غیر اخلاقی اور غیر قانونی طور پر حراست میں لے کر امریکا منتقل کیا اور اب ملک کے قدرتی وسائل پر قبضہ جمانے کی کوشش کررہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ رہبرِ مسلمینِ جہاں آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے عالمی میڈیا کے ساتھ ساتھ بعض پاکستانی ذرائع ابلاغ بھی اس گمراہ کن مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں، پاکستانی میڈیا کی تاریخ جبر و ظلم کے خلاف جدوجہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے، حقائق عوام تک پہنچانے کے لئے پاکستانی صحافیوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم امید کرتے ہیں ہمارے صحافی بھائی عالمی میڈیا سے متاثر ہوکر اپنے شاندار ماضی پر داغ نہیں آنے دیں گے۔ احتجاجی مظاہرے میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین اور لبنان پر مسلسل حملوں، ایران کو دی جانے والی دھمکیوں اور امریکا و اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود حملوں اور حماس کو کمزور کرنے کے لئے بیرونی افواج کی متوقع تعیناتی پر بھی شدید احتجاج کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ ایران واحد ملک ہے جو آج بھی مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں صفِ اوّل میں کھڑا ہے اور ظلم کے خلاف ہر محاذ پر جدوجہد کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ نام نہاد گریٹر اسرائیل منصوبے کے تحت امریکا اور اسرائیل دنیا بھر کے مسلم ممالک کو دباؤ، لالچ اور دھمکیوں کے ذریعے ایک نام نہاد فورس (ISF) بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کا مقصد حماس کو غیر مسلح کرنا ہے۔ مقررین نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس فورس میں شمولیت کی پیشکش، قائدِ اعظم محمد علی جناح کے نظریات سے انحراف کے مترادف ہے، جس کی پاکستانی عوام بھرپور مذمت کرتی ہے، مئی میں ہونے والے پاک بھارت معرکہ حق میں ایرانی حکومت اور عوام نے پاکستان کی بےلوث حمایت کی۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ امید ہے جیسے حکومت پاکستان نے ایران اسرائیل 12 روزہ جنگ میں مثبت کردار ادا کیا ویسے ہی اب بھی پاکستانی حکومت استعماری کیمپ کا حصہ نہیں بنے گی۔ احتجاجی ریلی کا آغاز فوارہ چوک سے ہوا، جو بعد ازاں کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی صورت اختیار کر گئی۔ ریلی کے دوران امریکا اور اسرائیل کے جھنڈوں کو نذرِ آتش کیا گیا۔ مظاہرے میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور امریکا و اسرائیل سے اظہارِ براءت جبکہ رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha